مریم کے اکلوتے بیٹے جنید صفدر کس سے دوسری شادی کرنے والے ہیں؟

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر ایک بار پھر خبروں میں ان ہیں، پہلی شادی کے بعد مسلسل اخبارات اور ٹی وی چینلز پر چھائے رہنے والے جنید صفدر طلاق کے بعد گوشہ نشین ہو گئے تھے تاہم اب اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاحبزادے جنید صفدر کا رشتہ لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی رشتہ دار کی پوتی سے طے پا گیا ہے۔

جیو نیوز سے وابستہ سینئر صحافی مرتضیٰ علی شاہ کی کے مطابق شریف خاندان کے تین ذرائع نے تصدیق کی کہ جنید صفدر کا رشتہ جاوید شفیع کی پوتی سے طے پا گیا ہے۔ جاوید شفیع، نواز شریف کے چچا زاد بھائی اور قریبی ساتھی ہیں، جو میاں طارق شفیع کے بیٹوں اور شریف خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اتفاق گروپ انڈسٹریز چلا رہے ہیں۔ جنید صفدر کا رشتہ 48سالہ عثمان جاوید کی بیٹی سے طے ہوا ہے، جو میاں جاوید شفیع کے صاحبزادے ہیں اور ماڈل ٹاؤن لاہور میں مقیم ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں خاندانوں کے افراد کے ہمراہ میاں نواز شریف، مریم نواز اور میاں جاوید شفیع نے بدھ کے روز ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی، جہاں جنید صفدر کے رشتے کے حوالے سے رسمی معاملات طے پا گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق جنید صفدر کا عثمان جاوید کے بیٹی سے رشتہ طے ہو گیا ہے اور ان شاء اللہ جلد منگنی ہو گی۔ نکاح اور منگنی کی تقریب کے لیے دونوں خاندان باہمی مشاورت سے تاریخ کا تعین کریں گے۔

خیال رہے کہ یہ مریم نواز کے اکلوتے بیٹے جنید صفدر کی دوسری شادی ہو گی۔اس سے قبل جنید صفدر دسمبر 2021 میں قومی احتساب بیورو یعنی نیب کے سابق چیئرمین سیف الرحمٰن خان کی صاحبزادی عائشہ سیف خان سے رشتہ ازدواج میں بندھے تھے۔دونوں کی شادی کی تقریبات متعدد دن تک چلتی رہی تھیں، جن میں مریم نواز سمیت خاندان کے دیگر افراد کو بھی انتہائی خوشی سے دیکھا گیا تھا۔

دو سال تک جنید صفدر اپنی اہلیہ کے ساتھ اکٹھے رہے اور متعدد مقامات پر ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہیں۔محمد جنید صفدر اور ان کی اہلیہ کے درمیان اختلافات کی خبریں میڈیا میں نہیں آئیں تھیں، تاہم کچھ دن سے سوشل میڈیا پر ان کی طلاق کی چہ مگوئیاں جاری تھیں اور اس حوالے سے مختلف دعوے کئے جا رہے تھے۔ تاہم اب جنید صفدر نے 12 اکتوبر کو چہ مگوئیوں کو ختم کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں طلاق کی تصدیق کی۔

مریم نواز کے صاحبزادے نے مختصر انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ان کی شادی طلاق پر ختم ہونے کی خبریں سچی ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ طلاق ان کا ذاتی معاملہ ہے اور ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ ان کی شادی ختم ہونے سے متعلق خبریں دیتے وقت ان کی پرائیویسی کا خیال رکھیں۔محمد جنید صفدر نے امید کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں توقع ہے کہ طلاق کا فیصلہ ان کے لیے اور ان کی سابق اہلیہ کے لیے باعث سکون اور خوشی کا سبب بنے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ مذکورہ معاملے پر مزید کوئی بات نہیں کرنا چاہتے اور ساتھ ہی انہوں نے سابق اہلیہ کی خیریت اور بہتری کی دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ جنید صفدر کی شادی میاں خاندان میں چند سال بعد ہونے والی خوشی کی بڑی تقریب تھی، اس سے قبل مریم نواز کی صاحبزادی مہرالنسا صفدر کی شادی 2015 میں ہوئی تھی۔جنید صفدر اور عائشہ سیف خان کا نکاح اگست 2021 میں لندن میں ہوا تھا جس میں مریم نواز شریک نہیں ہو سکی تھیں تاہم ان کی شادی کی تقریبات دسمبر میں اسلام آباد میں ہوئی تھیں۔جنید صفدر کا خاندان 14 دسمبر کو بارات لے کر عائشہ سیف خان کے گھر پہنچا تھا ۔جنید صفدر کی بارات لے جانے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پرخوب وائرل ہوئی تھیں جن میں مریم نواز کو بہت سراہا گیا تھا۔دونوں کی شادی کی مرکزی تقریبات میں شہباز شریف سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما بھی شریک ہوئے تھے، علاوہ ازیں دیگر سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی تھی تاہم نواز شریف لندن میں ہونے کی وجہ سے تقریبات میں شریک نہیں ہوئے تھے۔تاہم دھوم دھام سے ہونے والی اس شادی کا اختتام طلاق پر ہوا تاہم ابھی تک اس حوالے سے حقائق سامنے نہیں آ سکے کہ وہ کیا وجوہات یا اختلافات تھے جن کی وجہ سے جنید صفدر کی شادی بمشکل دو سال ہی چل سکی اور وہ اپنی اہلیہ عائشہسیف کو طلاق دینے پر مجبور ہو گئے؟ تاہم اب ایک بار پھر مریم نواز نے اپنے بیٹے کا گھر بسانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔۔

Back to top button