آئی ایم ایف کا سستا قرض پاکستانی عوام کو کتنا مہنگا پڑنے والا ہے؟

عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت پاکستان پر 11 نئی شرائط عائد کر دی ہیں۔ آئی ایم ایف نے جہاں ایک طرف پٹرولیم مصونواعت پر عائد ٹیکسز بڑھانے کا مطالبہ کر دیا ہے وہیں دوسری جانب پٹرول پر کاربن لیوی ٹیکس بھی عائد کرنے کی تجویز دے دی ہے معاشی تجزیہ کاروں کے مطابقاس اضافی لیوی کا براہِ راست بوجھ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ادا کرنا پڑے گا، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران پیٹرولیم لیوی سے 1 ہزار 311 ارب روپے کی وصولی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو موجودہ مالی سال کے ہدف یعنی 1 ہزار 117 ارب روپے سے 194 ارب روپے زائد ہے۔ نئے مالی سال کے تخمینے کے مطابق پیٹرولیم لیوی کی رقم ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی، جبکہ اس وقت بھی پیٹرول پر فی لیٹر 78 روپے 2 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے 1 پیسہ لیوی کے طور پر صارفین سے وصول کیے جا رہے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت حکومت ریونیو کے اہداف بڑھانے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کرنے جا رہی ہے، جو آنے والے دنوں میں عوام کے لیے ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور مہنگائی کی نئی لہر لا سکتا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق جہاں ایک طرف آئی ایم ایف نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ کر رکھا ہے وہیں بجلی کے بلوں پر عائد ڈیٹ سروسنگ سرچارج میں اضافے، 3 سال سے زیادہ پرانی استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر عائد پابندیاں ختم کرنے اور پارلیمنٹ سے آئی ایم ایف کے معاہدے کے مطابق بجٹ پاس کرانے سمیت دیگر شرائط بھی عائد کر دی ہیں۔تاہم یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ آئی ایم ایف کی 11 نئی شرائط سے کیا عوام کی مالی مشکلات میں کتنا اضافہ ہوگا؟اور آمدہ بجٹ کے بعد کون کون سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے والی ہیں؟

معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف نے 7 ارب ڈالر کے قرض کی قسط کے لیے پاکستان پر مزید 11 شرائط عائد کی ہیں جس سے اب پاکستان پر کل شرائط کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔  نئے مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ کے لیے آئی ایم ایف کی سخت تجاویز میں عوام کے لیے مہنگائی کا نیا طوفان آنے کو تیار ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈکی تجاویز پر عمل درآمد کرتے ہوئے سخت مالیاتی اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق بجٹ میں پرتعیش اشیا پر عائد سیلز ٹیکس کو 25 فیصد سے بھی بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے، جب کہ ان اشیا کی فہرست میں مزید مصنوعات کو شامل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

معاشی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ سازی کے حوالے سے ورچوئل بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، جس میں ٹیکس وصولیوں میں اضافے اور مالی خسارے میں کمی کے لیے سخت تجاویز زیر غور آ رہی ہیں۔ آئی ایم ایف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس نظام میں شفافیت لائی جائے، ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے اور ٹیکس حکام کو اختیارات کے مؤثر استعمال کی اجازت دی جائے۔جس کے بعدحکومت کی جانب سے ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کرنے اور پی او ایس یعنی پوائنٹ آف سیل پر ٹیکس چوری کی صورت میں جرمانہ 5 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس چوری پر جرمانے کے علاوہ فوجداری مقدمات درج کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں سولر پینلز سمیت تمام شعبوں کو دی جانے والی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، جو ایک طرف توانائی کے متبادل ذرائع کو متاثر کرے گی اور دوسری جانب مہنگائی کا نیا بوجھ عوام پر ڈال سکتی ہے۔

اسی طرح کھاد، زرعی اسپرے اور آلات پر بھی 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس یعنی جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ زرعی ان پٹس اور مشینری پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ بھی زیر غور ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ تمام تجاویز بجٹ میں شامل کی جاتی ہیں تو مہنگائی میں مزید اضافہ، زرعی پیداوار پر دباؤ اور توانائی کے متبادل ذرائع کی حوصلہ شکنی جیسے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں،تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو یقینی بنا کر قرض کی نئی قسط حاصل کی جائے تاکہ ملکی معیشت کو سہارا دیا جا سکے۔آئندہ بجٹ میں کیے جانے والے یہ ممکنہ اقدامات جہاں بین الاقوامی اداروں کے مطالبات کی تکمیل کا حصہ ہیں، وہیں ملکی معیشت میں استحکام پیدا کرنے کی حکومتی کوششوں کی عکاسی بھی کرتے ہیں، تاہم ان کا اثر براہ راست عوام کی جیب پر پڑنے کا خدشہ ہے۔

تاہم بعض دیگر معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کے بعد پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے، مالیاتی خسارہ بھی کم ہوا ہے، آئی ایم ایف ایک آئی سی یو کا ڈاکٹر ہے اور پاکستان کو اپنی 77 سالہ تاریخ میں 24ویں مرتبہ اس ڈاکٹر کے پاس جانا پڑا ہے اور معاشی علاج کے لیے وہ کچھ کرنا ضروری ہے جو آئی ایم ایف ہمیں ہدایات دے۔ اب آئی ایم ایف نے زور دیا ہے کہ صوبائی حکومتیں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زرعی آمدنی پر ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنائیں تو اس سے کسانوں اور زمینداروں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، ان کو وہ ٹیکس دینا ہوگا جو وہ کبھی نہیں دیتے تھے یا بالکل معمولی ٹیکس دیتے تھے۔آئندہ سال کے بجٹ میں آئی ایم ایف 500 ارب کے نئے ٹیکس کا نفاذ کرنے کا ہدف دے سکتا ہے، اس ہدف کے لیے حکومت تنخواہ دار طبقے کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دے سکے گی۔

Back to top button