گلگت بلتستان الیکشن : پیپلز پارٹی کی کامیابی پر وزیراعظم کی صدر زرداری اور بلاول کو مبارک باد

 

 

 

گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مبارک باد پیش کی ہے۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں شفاف، پرامن اور بھرپور سیاسی سرگرمیوں سے مزین انتخابات کے انعقاد پر وہاں کے عوام کو بھی مبارک باد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان الیکشن میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے،جس پر وہ مبارک باد کی مستحق ہے۔ ہم صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اچھا مقابلہ کیا۔مسلم لیگ ن کی ٹیم نے بھرپور محنت کی،ان کو شاباش دیتا ہوں۔گلگت بلتستان میں تمام کامیاب امیدواروں کو بھی مبارک باد پیش کرتاہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پر گلگت بلتستان کے عوام بھی خصوصی تحسین کے لائق ہیں۔انہوں نے کہا کہ پر امن، شفاف الیکشن اور سیاسی سرگرمیاں جمہوریت کاحسن ہیں۔

گلگت بلتستان الیکشن: پیپلزپارٹی 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے

وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیرجانبدار الیکشن یقینی بنایا جو قابل ستائش ہے۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پر امن الیکشن کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا، جس پر ان کو شاباش ہے۔

 

Back to top button