عالمی امن کو خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کاکہنا ہے کہ آج عالمی امن کو مسلسل بڑھتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بے گناہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت زار اس بات کی یقین دہانی ہے کہ اب بھی عالمی برادری کو بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق  بین الاقوامی امن قائم رکھنے کے تربیتی مراکز کی تنظیم کی 28ویں سالانہ کانفرنس پہلی بار پاکستان میں سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلٹی  نسٹ اسلام آباد میں 4 سے 8 نومبر تک منعقد ہو رہی ہے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز آرمی چیف نے نئی عمارت کے افتتاح کے ساتھ کیا۔

اقوام متحدہ کے امن آپریشنز کے انڈر سیکرٹری جنرل، جین پیئر لاکروکس، اقوام متحدہ کے پولیس ایڈوائزر، ایکٹنگ ڈپٹی ملٹری ایڈوائزر، پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اور ریکٹر نسٹ بھی مہمان خصوصی کے ساتھ موجود تھے۔

آرمی چیف نے خطاب میں کہااقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں کی جانب سے جاری امن کوششوں کے باوجود، بے گناہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت زار اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  مہمانِ خصوصی جین پیئر لاکروکس نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کی خدمات کو سراہا اور آئی اے پی ٹی سی کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تقریب میں پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف کا استقبال انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ، ہلال امتیاز نے کیا۔

Back to top button