سنیتا سے نامناسب سوالات پر یوٹیوبر نادر علی کی سوشل میڈیا پر کلاس

اداکارہ سنیتا مارشل سے انٹرویو کے دوران نامناسب سوالات کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے یوٹیوبر نادر علی کی خوب کلاس لی، جس کے بعد اداکارہ سنیتا مارشل نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ یوٹیوبر کو مزید ہراساں مت کریں۔
سنیتا مارشل نے حال ہی میں ’نادر علی‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی، جہاں میزبان نے ان سے انتہائی ذاتی اور نامناسب سوالات کیے تھے، جس پر اداکارہ قدرے پریشان بھی دکھائی دی تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے میزبان کو تحمل سے زبردست انداز میں جوابات دیئے، جس پر ان کی تعریفیں بھی کی گئیں اور ساتھ ہی پوڈکاسٹ کے میزبان کو آڑے ہاتھوں بھی لیا گیا۔
نادر علی نے اپنے پوڈکاسٹ میں سنیتا مارشل سے پوچھا تھا کہ وہ مسیحی ہیں جب کہ ان کے شوہر اداکار حسن احمد مسلمان ہیں تو ان کے بچے کس مذہب کے پیروکار ہیں؟ جس پر اداکارہ نے بتایا تھا کہ ان کے بچے مذہب اسلام کے پیروکار ہیں۔
اس پر میزبان نے ان سے ایک بار پھر سوال کیا تھا کہ ان کا اسلام قبول کرنے کا کوئی ارادہ ہے؟ جس پر سنیتا مارشل نے واضح کیا تھا کہ ان کا ابھی ایسا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی ان پر شوہر اور سسرال والوں کا ایسا دباؤ ہے۔اسی حوالے سے اداکارہ نے واضح کیا تھا کہ اسلام میں مسیحی اور مسلمان کی شادی مذہب تبدیل کیے بغیر ہی جائز ہے۔
پوڈکاسٹ میں اداکارہ سے عقائد اور مذہب سے متعلق انتہائی ذاتی سوالات پوچھے جانے پر نادر علی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور شوبز شخصیات سمیت عام افراد نے ان کے پوڈکاسٹ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا لیکن اب سنیتا مارشل نے اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے پوڈکاسٹ کے میزبان کو مزید ہراساں نہ کرنے کی اپیل کردی۔
سنیتا مارشل نے انسٹاگرام پر اپنی نئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے شوبز شخصیات اور مداحوں کا ساتھ دینے اور تعریفیں کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا، سب سے اپیل کی کہ وہ پوڈکاسٹ کے میزبان کو مزید ہراساں نہ کریں۔
ساتھ ہی اداکارہ نے انٹرویو کرنے والے تمام میزبانوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا
کہ وہ آئندہ اس طرح کے انتہائی ذاتی سوالات کسی سے نہ کریں۔
