کوئٹہ:دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، 6 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، سی ٹی ڈی کی کارروائی میں داعش کے 6 دہشت گرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ کیا گیا، کارروائی کے دوران ایک گھر سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشن بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ضلع کوئٹہ کے منظور شہید تھانے کی حدود میں کیا گیا تھا، سی ٹی ڈی کی جانب سے 20 لاکھ سر کی قیمت والے دہشتگرد اصغر سمالائی کی اطلاع پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی،
ترجمان نے کہا کہ وہ کوئٹہ میں ایک حساس تنصیب پر حملہ کرنے والے تھے، اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور دہشت گردوں کو روک دیا۔
کرونا کے 1649 نئے کیس، 28 ہزار سے زائد اموات
سی ٹی ڈی اہلکاروں نے عسکریت پسندوں کو ہتھیار ڈالنے کو کہا لیکن انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور دستی بم پھینکے، فائرنگ کے تبادلے میں اصغر سمالانی سمیت داعش کے 6 افراد ہلاک ہوئے۔
داعش کے باقی اراکین کی شناخت کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں کوئٹہ کے سی ٹی ڈی تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی۔