آصف زرداری سب پر بھاری نکلے

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) سے نکالے گئے حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سب پر بھاری نکلے۔اپنے بیان میں حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے مفادات کیلئے سینیئر ارکان کوپارٹی سے نکالا، ہم نے جے یو آئی میں کانٹ چھانٹ کاسلسلہ شروع کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانٹ چھانٹ کا پہلا نشانہ مولانا فضل الرحمان بن چکے ہیں اور بنتے رہیں گے۔حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف صرف ایک کام جانتے ہیں ’پیسہ پھینک اور تماشہ دیکھ‘، نوازشریف کی ملی بھگت سے محمد علی درانی جیل میں شہبازشریف اور فضل الرحمان کو ملے۔
سابق رہنما نے الزام عائد کیا کہ نوازشریف نے زرداری کو کنٹرول کرنے کیلئے مولانا کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کاسربراہ بنوایا لیکن آصف علی زرداری سب پر بھاری نکلے۔انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق کی برسی سے شروع ہونے والی ن لیگ کی سیاست کو زرداری نے بینظیر بھٹو کی برسی پر دفن کردیا، زرداری نے اپنا ویٹو کا حق بھی پی ڈی ایم سے منوالیا، سینیٹ کا الیکٹرول کالج توڑنے، لانگ مارچ، 20 ستمبرکے تمام فیصلوں کو زرداری اوربلاول نے ویٹوکردیا۔حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے اپنے فیصلوں پرپانی پھیرکرپیپلزپارٹی کے فیصلوں کو تسلیم کرلیا۔
