اداکارہ متھیرا نے اپنے غم بھلانے کے لئے اللہ سے لو لگا لی

زمبابوین نژاد پاکستانی ماڈل واداکارہ متھیرا نے مداحوں کے ساتھ اپنے دُکھ اوردرد بانٹتے ہوئے بتایا کہ شوبزانڈسٹری میں عروج دیکھنے کے بعد جب ان پر زوال آنا شروع ہوا تو لوگوں نے مجھے بُری عورت قرار دے کردھتکارنا شروع کردیا، یہی وہ وقت تھا جب میں نے خدا سے رجوع کیا اورمیری زندگی پرسکون ہوگئی۔
متھیرا نے ایک انٹرویو میں اپنے عروج اورزوال اورزندگی کی غلطیوں پر کھل کر باتیں کیں۔ اپنے زوال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب شوبز انڈسٹری میں ان کا عروج تھا تب وہ کم عمر اور نادان تھیں مگر اب وہ تیس سال سے زائد عمر کی ہو چکی ہیں اوریقینی طور پر ذہنی طورپرزیادہ بالغ اور بہتر ہو چکی ہیں۔
ماڈل کے مطابق زوال کے بعد انہیں بُری عورت کہا جانے لگا، لوگ ان سے نفرت کرتے رہے، کوئی ان کے ساتھ بیٹھنا بھی گوارا نہ کرتا اور لوگوں نے ان کے ساتھ دوری اختیار کی۔ انکے مطابق جب میں نے لوگوں کے رویے دیکھے تو خدا سے رجوع کیا اور سجدہ ریز ہو گئی، انہیں پیدا کرنے والے نے ان سے کوئی سوال نہیں کیا اور انہیں پُرسکون بنا دیا۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ جس خدا نے انسان کو پیدا کیا اور جس نے کائنات بنائی، اس کے ساتھ ہر کسی کو رجوع کرنا چاہئے، کیونکہ وہی دنیا چلانے والا ہے۔
متھیرا کے مطابق اب وہ روحانی شخصیت بن گئی ہیں، اب انہیں کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہوتی اور ہر وقت پُر سکون رہتی ہیں، اب تو انکے پرسکون رویے سے ان کی والدہ اور بہن بھی پریشان ہوجاتی ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ شوبز کیریئر میں زوال آنے کے بعد انہیں کام ملنا بند ہوا تو خدا نے ہی غیب سے ان کی مدد کی اور ان جگہوں سے انہیں کام ملنا شروع ہوا، جہاں سے انہیں کام ملنے کی توقع تک نہ تھی، اب وہ نہ صرف تہجد پڑھتی ہیں بلکہ وہ صلوۃ الحاجات کا بھی خصوصی اہتمام کرتی ہیں اور وہ کبھی بھی صلوۃ الحاجات کو ادا کرنا نہیں بھولتیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی زندگی میں بہتری اور معاشی خوشحالی صلوۃ الحاجات کی وجہ سے ہوئی، صلوۃ الحاجات مسلمان اس وقت ادا کرتا ہے جب اسے کوئی حاجت یا ضرورت ہوتی ہے تو وہ خدا سے رجوع اور مدد مانگنے کے لیے خصوصی نماز کا اہتمام کرتا ہے۔
متھیرا کے مطابق انہوں نے قرآن پاک کو سمجھنے کے لیے اس کا انگریزی ترجمہ بھی پڑھا۔ اب وہ پانچ وقت کی فرض نماز ادا کر رہی ہیں،اداکارہ کی جانب سے تہجد اور صلوۃ الحاجات ادا کرنے سمیت قرآن پاک کی تلاوت کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے ان کی تعریف بھی کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔