اداکارہ مریم نفیس27 رمضان کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

پاکستان کی خوبرو اداکارہ مریم نفیس 27 رمضان المبارک کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
مریم نفیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مداحوں کو شوہر کے ہمراہ اپنی خوبصورت تصاویر شیئر کرتے ہوئے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی اطلاع دی۔
مریم نفیس نے 11 مئی کو فلم ساز اور فوٹوگرافر امان احمد کے ساتھ عروسی لباس میں تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی کی شروعات سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا۔ تصاویر میں مریم نفیس کو گلابی جب کہ امان احمد کو سفید لباس میں ایک دوسرے کے ہمراہ بے حد خوش دیکھا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں اداکارہ مریم نفیس کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوگئیں۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بیوٹیشن، نکاح کے جوڑے کی ڈیزائنر سمیت فوٹوگرافرز کا بھی شکریہ اداکیا۔ اداکارہ کی پوسٹ پر مداحوں سمیت شوبز شخصیات کی جانب سے بھی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ تاہم اداکارہ کی جانب سے اپنی پوسٹ میں کہیں بھی یہ واضح نہیں کیا گیا فی الحال اداکارہ کا نکاح ہوا ہے یا رخصتی بھی کردی گئی ہے، سوشل میڈیا رپورٹس میں اداکارہ کی زیر نظر تصاویر کو دیکھتے ہوئے ان کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مریم نفیس پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی خوبرو اداکارہ ہیں جو متعدد ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کی بدولت مداحوں کے دل جیت چکی ہیں۔