اسحاق ڈار کا ناروے کے ہم منصب ایسپن بارتھ ایدے سے ٹیلی فونک رابطہ
ناروے کے شاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت، دونوں وزرائے خارجہ کا قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شاہِ ناروے ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم، فیلڈ مارشل، اپنی جانب سے اور پاکستانی عوام کی طرف سے شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو 9 ستمبر کو اوسلو میں ہونے والی شاہ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق شاہ ہیرالڈ پنجم کا انتقال 89 برس کی عمر میں ہوا تھا اور ان کی آخری رسومات 9 ستمبر کو اوسلو میں ہوں گی۔
اسحاق ڈار اور ایسپن بارتھ ایدے نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
