ناجائز نظام کی پیداوار جعلی وزیراعلیٰ نے دہشتگردی کے حوالے سے مودی اور بھارت کو کلین چٹ دے دی

پنجاب کے ساتھ لگنے والے تینوں صوبوں کو دہشتگردی کی بنیاد قرار دینے سے پاکستان کے عالمی مؤقف کو نقصان پہنچا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناجائز نظام کی پیداوار اور فارم 47 کی جعلی وزیراعلیٰ نے دہشتگردی کے حوالے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارت کو کلین چٹ دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مریم نواز کے متنازع بیان کے حوالے سے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پنجاب کے ساتھ لگنے والے پاکستان کے تینوں دیگر صوبوں کو دہشتگردی کی بنیاد قرار دیا گیا ہے، جبکہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے حوالے سے مودی اور بھارت کو کلین چٹ دے دی گئی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اس بیان نے ریاستِ پاکستان کے عالمی سطح پر دہشتگردی کے حوالے سے مؤقف کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے اور اس نظام کو بنانے اور چلانے والوں کی سوچ پر بھی مزید سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ کے دوران بھی نواز شریف سمیت یہ ٹولہ غائب رہا تھا اور جنگ کے خاتمے تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ ڈان لیکس کے ذریعے بھی دہشتگردی کا الزام پاکستان پر لگا دیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ہمیشہ قومی مفاد کے آگے ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں۔ پاکستان، پاکستانی عوام اور پاکستانی ادارے ان کے لیے صرف اس وقت تک قابلِ احترام رہتے ہیں جب تک وہ ان کے ذاتی مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے خلاف متعصبانہ لہجہ مسلم لیگ ن کی پاکستان کو تقسیم کرنے والی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، تاہم اب تین وفاقی اکائیوں کو دہشتگردی کی بنیاد قرار دینا ملک کی بنیادوں کو مزید کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ان لوگوں کو 8 فروری 2024 کو نہ صرف پاکستان بلکہ پنجاب اور لاہور کے عوام بھی مسترد کرچکے ہیں۔ ان کے مطابق اس شرمناک شکست کے باوجود ایسی گھٹیا سوچ رکھنے والے لوگوں کو اقتدار پر بٹھانے اور انگلی پکڑ کر چلانے والوں کے لیے یہ ایک اور سبق ہے کہ عوام کے ووٹ اور عوام کے فیصلے کی قدر نہ کرنے سے ملک مضبوط نہیں بلکہ تباہ ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیفٹک آفس میں اے آئی انٹیلیجنس ہب کی ای لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں پڑوسی ملک سے کم لیکن پڑوسی صوبے سے زیادہ خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں سے پنجاب میں دہشتگردی آتی ہے اور ٹرائی بارڈر ایریا سے بھی خطرات آتے ہیں، جبکہ انہوں نے خود کو رسک میں ڈال کر عوام کی حفاظت کے لیے فیصلے کیے اور ٹیکنالوجی پر اربوں روپے خرچ کیے۔

مریم نواز نے کہا تھا کہ پہلے چیک پوسٹوں پر حملوں میں درجنوں اہلکار شہید ہوجاتے تھے اور دہشتگردوں کے پاس پولیس سے بہتر اسلحہ اور نائٹ ویژن کیمرے موجود تھے۔ اب جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مضبوط ترین بنایا گیا ہے اور وہاں بلٹ پروف تھرمل اور نائٹ ویژن کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اب چیک پوسٹوں پر حملہ ہونے کی صورت میں بھی جانی نقصان نہیں ہوتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کچے کا علاقہ دہشتگردوں اور جرائم کا مرکز بن چکا تھا، تاہم رٹ آف اسٹیٹ قائم ہونے کے بعد اب یہ علاقہ کرائم فری بن چکا ہے۔

Back to top button