عمران خان کا الیکشن کمیشن پر حمزہ کو وزیر اعلیٰ رکھنے کا الزام

تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پرایک اورالزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ رکھنےکی کوشش کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں نے تو سنا تھا تھوڑے سے لوگ آئیں گے، آپ لوگوں نے تو جلسہ کر دیا ہے، مجھے حکومت مخالف تحریک میں وکلا کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ جمہوریت میں احتجاج ہر شہری کا حق ہے، سازش کے تحت چوروں، ڈاکوؤں کی حکومت مسلط کی گئی۔پاکستان کے وکلا کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، دھمکی آمیز مراسلے کو نیشنل سیکیورٹی کے سامنے رکھا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کو بھی مراسلہ بھیجا، سپریم کورٹ کے پاس مراسلہ انویسٹی گیشن کے لیے پڑا ہے۔

انہوں نے کہا الیکشن کمیشن حمزہ ککڑی کو وزیراعلیٰ رکھنے کی کوشش کر رہا ہے، الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ ضمنی الیکشن کے بعد فیصلہ ہو گا، یہ کیسے ہوسکتا ہے آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، انہوں نے دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیتنے کا پلان بنایا ہے، یہ ویسے تو الیکشن نہیں جیت سکتے،یہ جیسے ہی الیکشن کمپین میں جائیں گے چور، غدارکے نعروں کو سنیں گے، اب یہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر دھاندلی کرنا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کی دھاندلی کے باوجود ہم ان کو ہرائیں گے۔

عمران خان نے کہا ملک کے بڑے ڈاکوؤں کو سزا ہونا تھی، چیری بلاسم جوتے پالش کر کے اوپر پہنچ گیا ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے دنیا میں ملزم قاضی بن جائے؟ چھوٹی موٹی چوری نہیں شہبازشریف نے 16 ارب کی چوری کی، کرائم منسٹرکے کرپٹ بیٹے کو وزیراعلیٰ پنجاب بنا دیا گیا۔ قانون کی حکمرانی وکلا،عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔ رول آف لا پرعدالتوں نے عملدرآمد کرانا ہے، وزیراعظم، چیف منسٹر 60 فیصد کابینہ پر مقدمات ہم سب کی توہین ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا بھارت میں ہمارے پیارے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی، اگر چار عرب ممالک سخت ایکشن لے سکتے ہیں تو پاکستان بھی لے، شریف خاندان مودی سے اپنے تعلقات توڑ کر سخت ایکشن لے، بھارت میں یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا، بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔

Back to top button