الیکشن کمیشن کا انتخابات 8 فروری کو ہی کرانے کا اعلان

پاک ایران سرحدی کشیدگی کے بعد انتخابات میں التوا کی افواہوں کے بعد الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ انتخابات شیڈول کے مطابق 8 فروری کو ہی ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنے شیڈول کے مطابق اور اعلانیہ تاریخ پر الیکشن کرانے کیلئے پرعزم ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے اور ایسی کوئی تجویز یا آپشن زیر غور نہیں کہ پاک ایران کشیدگی کی وجہ سے الیکشن کی تاریخ پر نظرثانی کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور 8 فروری کو الیکشن کرانے کیلئے تیاریاں جاری ہیں، وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی یہ بتایا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔پاک ایران کشیدگی سے انتخابات یا ان کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا، ان کی رائے تھی کہ دونوں ملکوں کے درمیان صورتحال میں کشیدگی کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔افسوس کا اظہار کیا کہ میڈیا کے کچھ حلقوں سمیت کچھ عناصر پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ایسے بہانے گھڑے جا سکیں جن کی وجہ سے الیکشن میں تاخیر ہو، تاہم انتخابات اپنے وقت پر 8 فروری کو ہوں گے۔جب ان سے الیکشن کرانے کیلئے مطلوبہ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سوال کیا گیا تو وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو مطلوبہ سکیورٹی فراہم کرے گی تاکہ انتخابات پر امن انداز سے ہو سکیں۔

Back to top button