ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں گے : محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ حکومت مجرمانہ سرگرمیوں کی وجہ سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرےگی اور نئی سفری دستاویزات کے اجراء کا عمل سخت کرےگی۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران وفاقی وزیر سینیٹر محسن نقوی نے حکام کو ہدایت کی کہ پاسپورٹ کے حصول کےلیے نئی شرائط کے حوالے سے تمام قانونی کارروائیاں مکمل کی جائیں۔نئی شرائط سے غیرقانونی امیگریشن کو روکنے اور غیرقانونی کام کرنے والوں کی اسکریننگ میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری،سیکریٹری داخلہ خرم آغا،ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ اور ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے بھی شرکت کی۔

سینیٹر طلال چوہدری کاکہنا تھاکہ اس فیصلے سے عالمی برادری کو غیر قانونی تارکین وطن کےخلاف کارروائی کے پاکستان کے عزم کے حوالے سے مثبت پیغام جائے گا۔

خیال رہے کہ اس اقدام کا مقصد بیرون ملک جا کر بھیک مانگنے جیسے غیرقانونی کام کرنے والے پاکستانی شہریوں کو روکنا ہے۔حالیہ برسوں میں سیکڑوں پاکستانیوں کو بھیک مانگنے کےالزام میں ملک بدر کیا جاچکا ہے جن میں سے زیادہ تر کو خلیجی ممالک سے بھیجا گیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہا کہ ملک بدر کیے گئے افراد کے پاسپورٹ بلاک کرنےکی ہدایت پر مکمل عمل درآمد کیاجائے۔

انہوں نے مشین ریڈیبل پاسپورٹ پرنٹ کرنےاور ای پاسپورٹ تیار کرنے کےلیے نصب کی گئی نئی مشینوں کا بھی معائنہ کیا۔

وفاقی وزیر نے ان جرمن ماہرین سے بھی ملاقات کی جو مشینوں کی تنصیب کےلیے پاکستان میں موجود ہیں۔

محسن نقوی نے کہاکہ نئی مشینوں سے پاسپورٹ آفس کی چھپائی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور پاسپورٹ کے اجرا میں تیزی آئےگی۔

دہشت گردی کے واقعات کی کڑیاں افغان شہریوں سے ملتی ہیں : طلال چوہدری

ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتےہوئے بتایاکہ شہریوں کی سہولت کےلیے جلد موبائل ایپ لانچ کی جائے گی۔

Back to top button