ایٹمی دھماکوں کے25برس مکمل،یوم تکبیر جوش وجذبے سے منایاجارہاہے

پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے پچیس برس مکمل ہوگئے، آج ہی کے دن پاکستان نے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔ملک بھر میں پاکستانیوں کے لیے فخر کا دن ’یوم تکبیر‘ آج منایا جا رہا ہے۔
یومِ تکبیر پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یہ دن ہمارے عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے، کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے کسی سپر پاور کی دھمکیوں کی پرواہ نہیں کی، نہ ہی اربوں ڈالر کی پیش کش انہیں آہنی عزم و ارادے سے ہٹا سکی۔
یوم تکبیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم آج یوم تکبیر کی سلور جوبلی منارہی ہے، پاکستان کی اس کامیابی نے خطے میں طاقت کے توازن کو نئی شکل دی۔بہترین دماغوں نے مشکل چیلنجز کے باوجود کارنامہ سرانجام دیا، مسلح فوج ان افراد کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج سائنس دانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کرتی ہے، یہ وطن ہمیشہ قائم رہے گا، پاکستان زندہ باد۔
28مئی 1998 وہ دن تھا جب پاکستان ناقابل تسخیر اور ایٹمی قوت بنا۔اس دن کی یاد میں ہرسال یوم تکبیر منایا جاتا ہے۔یوم تکبیر پاکستانیوں اور پوری امت مسلمہ کیلئے احیاء اور فخر کا دن ہے۔ جس نے خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھتے ہوئے استحکام پیدا کیا۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذولفقار علی بھٹو کا تاریخی بیان پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں قومی حوصلہ بڑھانے کا باعث بنا، انہوں نے کہا تھا کہ ہم گھاس کھالیں گے لیکن ملک کو ایٹمی قوت بنائیں گے کیونکہ اب ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں۔
28 مئی 1998 کو بلوچستان کے ضلع چاغی میں جوہری تجربہ ایک تاریخی لمحہ اور ملکی تاریخ کا ایک سنگ میل تھا جس نے پاکستان کو دنیا کی 7ویں ناقابل تسخیر ایٹمی طاقت بنایا۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام آج لبرٹی چوک میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جارہاہے جس سے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز خطاب کرینگی۔یہ تقریب شام سات بجے ہوگی۔اتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راجہ ریپسٹار نے یومِ تکبیر کے حوالے سے اپنا نیا نغمہ ہم سب ہیں پاکستان ریلیز کر دیا۔
قومی نغمے میں جہاں چاغی میں پانچ ایٹمی دھماکوں، جاوید میانداد، معین اختر، عبدالستار سمیت کھیلوں، شوبز کے میدانوں اور سیاسی و سماجی حلقوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو دکھایا گیا ہے وہیں وہیں پاک فوج کے کارناموں اور قربانیوں کو بھی پیش کیا گیا ہے۔
