ایک آدمی نے ہماری حکومت گرادشمن سے زیادہ ظلم کیا

تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 8 ماہ پہلے ایک آدمی نے ہماری حکومت گرا کرجو ظلم کیا وہ کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا، ملک دلدل میں پھنستا جا رہا ہے، عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ، ادارے، بیوروکریٹس سب سےکہتا ہوں جلد الیکشن نہ کرائے گئے تو ملک ہاتھ سےنکل جائے گا۔
گورنر ہاؤس پنجاب کے سامنے پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرین سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتےانہوں نے کہا کہ گندی ویڈیوز اورآڈیوز اس لیےنکالی جا رہی ہیں تاکہ ہم چوروں کو قبول کرلیں، آٹھ ماہ میں کوئی چیز بہتر نہیں ہوئی،دہشتگردی بھی بڑھ گئی، بنوں میں کامیاب آپریشن کرنےوالے ضرار کمپنی کے کمانڈوز کو سلام پیش کرتا ہوں، 70 سال میں قوم کو اس طرح اندھیرے میں جاتے نہیں دیکھا، ہماراملک دلدل میں پھنستا جا رہا ہے، ہماری دو صوبوں میں حکومت ہے، 66فیصد حصےمیں ہماری حکومت ہے، اس کے باوجود الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں کیوں کہ ملک میں جلدی الیکشن نہ کرائے گئے تو ملک سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جوحکومت گرائی گئی اس دور میں سب سے زیادہ گروتھ ریٹ تھا، اس حکومت کو ایک آدمی نےگرایا، میں سب اداروں سےبات کر رہا ہوں، اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ سے بات کر رہا ہوں، یہ سب کی جنگ ہے سوائے ان لوگوں کے جن کے پیسے باہر پڑے ہیں، ایک آدمی نے دشمنی کی ہے، قوم ایک ہی پیغام دے رہی تھی کہ چوروں کے ٹولے کو قبول نہیں کررہے، 70 فیصدپاکستانی کہتے ہیں مسائل کا حل صاف شفاف الیکشن ہیں، ایک آدمی فیصلہ کر بیٹھا تھا کہ اس پارٹی کو ختم کرنا ہے، ایک آدمی فیصلہ کر بیٹھا تھا کہ عمران خان کو ختم کرنا ہے، نااہل کرنا ہے۔
انکا کہناتھا دھاندلی کے باوجود ضمنی الیکشن ہم جیت رہے تھے، پھر فیصلہ کیا گیا کہ مجھے مار کر ہٹایا جائے، ہمیں ہٹاکر چوروں کو بٹھادیا گیا جس کے بعد ہمیں برابھلا کہنے والے بھی چوروں کو دیکھ کر ہمارے ساتھ کھڑے ہوگئے۔ ہم سے ایسےدشمنی کی گئی جیسےہم غدار ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں ٹیکس کلیکشن کم ہوتی جارہی ہے، کورونا کے باوجود انڈسٹری اوپر آرہی تھی، ٹیکسٹائل انڈسٹری کی وجہ سے ایکسپورٹ بڑھی، آج فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، مزدور بے روزگار ہورہے ہیں، ڈالر کم آرہے ہیں، قرضے بڑھتے جارہے ہیں، خوف ہے کہ قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کیلئے ڈالر نہیں، کسی طبقے کو روشنی نظر نہیں آرہی، امید ختم ہوگئی ہے، ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
