لانگ مارچ،جڑواں شہروں کی سکیورٹی الرٹ،تعلیمی ادارے،دفاتربندرکھنےکافیصلہ

لانگ مارچ کے اعلانات کے بعد انتظامیہ اور پولیس نے سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے ہیں، جبکہ راولپنڈی میں تعلیمی ادارے، ہوٹل، مارکیٹس اور ٹرانسپورٹ ٹرمینلز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
20سے27 ستمبر کے دوران متوقع لانگ مارچز کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی میں سیف سٹی منصوبے کے تحت نصب تمام ایک ہزار 500 کیمروں کو مظاہرین کی نگرانی کے لیے فعال کردیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں تمام سکول، کالجز اور جامعات، ہوٹل، موٹل، ریسٹ ہاؤسز اور سرائے آئندہ ہفتے بند رہیں گے۔
ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے ٹرمینلز بھی مکمل طور پر بند رہیں گے، جبکہ میٹرو بس اور گرین الیکٹرک بس سروس بھی معطل رہے گی۔
شہر کی تمام مارکیٹس اور ہول سیل مارکیٹس بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جڑواں شہروں کے داخلی راستوں پر بڑے سپائکس والے کنٹینرز نصب کیے جارہے ہیں، جن میں 8 انچ کے سپائکس لگے ہوئے ہیں۔ فیض آباد، چونگی نمبر 26، روات، چکری، اڈیالہ روڈ، پیرودھائی، بھارہ کہو اور 17 میل سمیت مختلف داخلی راستوں کو بند کیا جارہا ہے، جبکہ ڈرونز کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی۔
جڑواں شہروں کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
رینجرز اور پنجاب کانسٹیبلری کے مزید دستے بھی طلب کرلیے گئے ہیں، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کو ہزاروں ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کے شیل فراہم کیے گئے ہیں۔
اٹک پولیس کو بھی رینجرز کی بھاری نفری، بکتر بند گاڑیاں، قیدیوں کی وینز، بھاری ہتھیار اور اہلکار فراہم کیے گئے ہیں، جو بدھ اور جمعرات کو ڈیوٹی سنبھالیں گے۔ حکام کے مطابق خیبرپختونخوا سے آنے والے مرکزی لانگ مارچ کو ہر صورت روکا جائے گا۔
ایدھی مراکز کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔ آئندہ ہفتے اڈیالہ جیل میں قید ملزمان کو راولپنڈی اور اسلام آباد کی عدالتوں میں پیش نہیں کیا جائے گا، جبکہ جیل کے عملے کو بھی شہر میں سیکیورٹی ڈیوٹی سونپ دی گئی ہے۔
جماعت اسلامی کا لانگ مارچ 20 ستمبر کو کراچی سے شروع ہوگا، جبکہ راولپنڈی ڈویژن کے تمام 6 اضلاع سے قافلے بھی اتوار سے لیاقت باغ پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن بھی اتوار کو ٹرین کے ذریعے کراچی سے راولپنڈی روانہ ہوں گے اور ان کا ٹرین مارچ 22 ستمبر کو راولپنڈی پہنچے گا۔
