بھارتی اداکار راج کمار شادی کے بندھن میں بندھ گئے


زیادہ تر نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی فلموں سے نام بنانے والے بھارتی اداکار راج کمار نے اپنی اداکارہ ساتھی پترا لیکھا پال کو جیون ساتھی بنالیا ہے۔ دونوں کی شادی کی تقریبات 13 نومبر سے شروع ہوئیں جبکہ مرکزی رسومات 15 نومبر کو ادا کی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راج کمار راؤ کے فین کی جانب سے ٹوئٹر ہینڈل سے ان کی شادی کے دعوت نامے کو شیئر کیا گیا جس میں شادی کی تاریخ 15 نومبر درج تھی۔
راج کمار راؤ کی شادی کے وائرل دعوت نامے کے مطابق ان کا بیاہ ریاست پنجاب اور ہریانہ کے دارالحکومت ’چندی گڑھ‘ کے ایک پرتعیش مقام پر انجام پایا۔ دعوت نامے میں رسومات کا وقت تو نہیں بتایا گیا تاہم اداکار اور اداکارہ نے 13 نومبر کو منگنی کر کے شادی کی تقریبات کا آغاز کیا تھا۔ اس حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ شادی کی مرکزی تقریب 15 نومبر کو چندی گڑھ کے اوبرائے سکھ ولاس سپا ریزورٹ میں ہوئی جس کو امیروں کی شادی کی تقریبات کے لیے اولین مقام قرار دیا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کی اس تقریب میں معروف بالی ووڈ شخصیات سمیت ان کے رشتے دار بھی شریک ہوئے۔ شادی کی تقاریب کی وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں راج کمار اور پترا لیکھا کو ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اب شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وسئرل ہیں تاہم دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر منگنی یا شادی سے متعلق کوئی پوسٹ یا تصویر شیئر نہیں کی ہے۔ یاد رہے کہ پترا لیکھا اور راج کمار راؤ کے درمیان گزشتہ ایک دہائی سے تعلقات ہیں ۔ تین سال قبل 2018 میں اداکارہ پترا لیکھا نے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بتایا تھا کہ اگرچہ دونوں کا شادی کا ارادہ ہے مگر فی الحال دونوں اپنے کیریئر پر توجہ دینے میں مصروف ہیں اور کم از کم 5 سال تک شادی نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ اداکارہ پترا لیکھا پال نے 2014 میں ہنسل مہتا کی فلم ’سٹی لائٹس‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اب تک ان کی ایک درجن کے قریب فلمیں سامنے آئی ہیں۔ دوسری جانب راج کمار راؤ نے 2010 میں ایک تھرلر فلم ’رن‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک وہ تین درجن سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ راج کمار راؤ زیادہ تر معاون کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں تاہم انہوں نے ایک درجن سے زائد فلموں میں مرکزی کردار بھی ادا کیے ہیں جن میں سے زیادہ تر نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی ہیں۔

Back to top button