عامر خان نے گوری سپراٹ سے تیسری شادی کرلی

بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنی دیرینہ ساتھی گوری سپراٹ سے نجی تقریب میں شادی کرلی۔
شادی کی تقریب ممبئی میں عامر خان کی رہائش گاہ پر سادگی سے منعقد ہوئی جہاں دونوں نے اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت اپنی شادی رجسٹر کروائی، تقریب میں صرف قریبی اہل خانہ اور دوستوں نے شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان کے بچوں جنید، آئرہ اور آزاد سمیت متعدد قریبی عزیز تقریب میں موجود تھے۔
عامر خان اور گوری سپراٹ ایک دوسرے کو تقریباً 25 برس سے جانتے تھے تاہم 2024 میں دوبارہ رابطہ ہونے کے بعد ان کا رشتہ مضبوط ہوا۔
عامر خان نے مارچ 2025 میں اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری کو اپنی گرل فرینڈ کے طور پر عوام کے سامنے متعارف کروایا تھا۔
یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے، اس سے قبل وہ رینا دتا اور بعد ازاں فلم ساز کرن راؤ سے شادی کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی دن سے مسٹر پرفیکشنسٹ کی شادی کی خبریں سوشل میڈیا سمیت بھارتی میڈیا پر زیر گردش تھیں۔
