گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دلوائیں گے،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کاکہناہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دلوائیں گے، میں وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب یہاں کے نمائندے میرے ساتھ قومی اسمبلی میں ہوں گے۔

گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا گلگت بلتستان کے مسلم لیگ کے نمائندوں نے ہماری حمایت کی، ہم مل کر اس خطے کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے وزیراعظم شہبازشریف کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمارا مینڈیٹ تسلیم کیا۔ گلگت بلتستان کے عوام آج تک ذوالفقار علی بھٹو کو یاد کرتے ہیں، گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی، گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دلوائیں گے، میں وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب یہاں کے نمائندے میرے ساتھ قومی اسمبلی میں ہوں گے، حق ملکیت کا جو پیپلزپارٹی نے وعدہ کیا ہے، اس وعدے پر عملدرآمد کیا جائے گا، آپ کو محسوس نہیں ہونے دیں گے کہ ہم حکومتی اور آپ اپوزیشن بینچوں پر ہو۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ یہاں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے فارمنگ کی جاسکتی ہے، جو وفاق میں ہمیں مل کر کام کرنا ہے وہ ہم کریں گے، یہ آپ کی اپنی زمین ہے، آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ اس زمین کا کیا کرنا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ایسا معاشی ماحول بنائیں گے کہ یہاں کے لوگوں کو روزگار ملے، سب سے زیادہ میریٹ یہاں گلگت بلتستان میں موجود ہے۔

بلاول بھٹونے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاست جھگڑے اور دشمنی کا دوسرا نام ہے، لیکن جی بی میں حکومت جیتنے والے اور ہارنے والے کی بھی ہے، کسی جماعت کو فرق محسوس نہیں ہونے دیں گے، سب گلگت بلتستان کے ہیں، سردیوں سے پہلے ہم گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔

Back to top button