بیٹنگ کوچ کی لوئر آرڈر تک ٹیم کی بیٹنگ مستحکم کرنے کی خواہش

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ ٹیم کی بیٹنگ کو لوئر آرڈر تک مستحکم کیا جائے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھاکھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے کنڈیشننگ کیمپ لگایا گیا ہے، کرکٹرز کو پورا سال اس طرح ٹریننگ کا موقع نہیں ملتا، ماضی میں بھی کھلاڑیوں پر مشکل وقت آتا رہا ہے، فواد عالم بھی ٹیسٹ سیریز میں پرفارم نہیں کرسکے، ون ڈے میچز میں ٹاپ آرڈر نے بہترین پرفارم کیا۔
انہوں نے کہا ٹیم ون ڈے میچز میں ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرنے میں کامیاب ہوئی، جب تمام کھلاڑی اپنے نمبر پر پرفارم کریں گے تب ہی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری اور تسلسل آئے گا، ٹاپ اور مڈل کے ساتھ لوئر آرڈر پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔
محمد یوسف کا کہنا تھا ہماری کوشش ہے اس کیمپ میں بیٹرز کو زیادہ مواقع فراہم کریں، کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی کام کیا جارہا ہے، فٹنس اچھی ہوگی تو گرم موسم سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اسد شفیق نے فرسٹ کلاس میں تسلی بخش کارکردگی نہیں دکھائی، کم بیک کرنے کے لیے آپ کو اچھی کرکٹ کھیلنی پڑتی ہے، بابر اعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں اور دن بدن ان کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔
بیٹنگ کوچ کا کہنا تھاجس طرح کاؤنٹی میں شان مسعود کھیل رہے ہیں آج تک کوئی پاکستانی ایسا نہیں کھیلا، سلیکٹرز بھی یہ کارکردگی دیکھ رہے ہوں گے، ٹیسٹ سکواڈ میں تو وہ پہلے ہی موجود ہیں، ون ڈے کرکٹ میں دیکھنا ہوگا کہ ان کی کہاں جگہ بنتی ہے، ماضی کی کرکٹ اور آج کی کرکٹ میں کافی فرق ہے، عابد علی کے ساتھ پہلے کافی کام کیا ہے، میرے خیال سے جس طرح عابد علی ٹریننگ کررہا ہے ویسے ٹیم میں واپس آئے گا۔
