تحریک انصاف عمران کے ہاتھ سے پھسلنا شروع ہو گئی

تحریک انصاف اپنے بانی چئیرمین عمران خان کے ہاتھ سے پھسلنا شروع ہوگئی ہے اور پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ نے خان کی جگہ شاہ محمود قریشی کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کا پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیا ہے۔ اس فیصلے کی بنیادی وجہ عمران خان کا الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیا جانا ہے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے ہاتھوں نااہلی کے بعد عمران کو پارٹی صدارت سے محروم کروانے کے لئے ایک پٹیشن پہلے ہی عدالت میں زیر سماعت ہے جس کا فیصلہ جلد آنے والا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ چونکہ نواز شریف کو وزارت عظمی اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل کیے جانے کے بعد سپریم کورٹ نے پارٹی صدارت سے بھی ہٹا دیا تھا لہذا عمران کو بھی پی ٹی آئی چیئرمین کے عہدے سے ہٹایا جائے کیونکہ وہ بھی نااہل قرار دیئے جا چکے ہیں۔

اس دوران سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اگر عمران خان نے قومی اسمبلی کا رخ کیا تو انہیں باہر کا راستہ دکھا دیا جائے گا کیونکہ وہ اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل قرار دیئے جا چکے ہیں۔ اس سے پہلے قومی اسمبلی نے عمران کا بطور رکن قومی اسمبلی کردار ختم بھی کر دیا ہے اور اب انہیں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے اجتماعی استعفے قبول کرنے کا بھی اختیار حاصل نہیں ہو گا۔ اسمبلی سیکریٹیریٹ کی جانب سے عمران کی فراغت اور شاہ محمود قریشی کو پارٹی کا پارلیمانی سیکرٹری مقرر کئے جانے کے بعد اب استعفے قبول کرنے کا اختیار بھی عمران کے ہاتھ سے نکل گیا ہے۔ عمران 23 دسمبر کو صوبائی اسمبلیاں توڑنے کے اعلان کے علاوہ یہ اعلان بھی کر چکے ہیں کہ انکی جماعت کے تمام اراکین قومی اسمبلی اگلے چند روز میں سپیکر کے سامنے اجتماعی طور پر پیش ہو کر استعفے قبول کرائیں گے۔ یاد رہے کہ جب اس سے پہلے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے استعفے دینے والے اراکین پی ٹی آئی کو طلب کیا تھا تو وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ وہ اجتماعی طور پر استعفے قبول نہیں کریں گے اور فردا فردا پی ٹی آئی اراکین کو طلب کریں گے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اراکین اسمبلی کے استعفے قبول یا مسترد کرنے کا اختیار سپیکر کو حاصل ہے۔ قبل ازیں وہ پہلے ارکان قومی اسمبلی سے انفرادی طور پر ملیں گے۔ پھر فیصلہ آئین اور متعلقہ قوانین کے تحت کیا جائے گا۔ کوئی فیصلہ مسلط نہیں کیا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز نے واضح طور پر کہا ہے کہ جب استعفوں پر غور کا موقع آئے گا تو ہر رکن سے انفرادی طور پر دریافت کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی کے لکھے ہوئے خط کے بارے میں استفسار پر سپیکر نے کہا کہ وہ شاہ محمود سے استعفے قبول کرنے کے بارے میں ان کی حیثیت دریافت کریں گے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت کے بارے میں راجا پرویز اشرف نے کہا اگر انہوں نے ایوان زیریں کا رخ کیا تو انہیں باہر کا راستہ دکھا دیا جائے گا کیونکہ وہ قومی اسمبلی کی رکنیت کےلیے نا اہل قرار دیئے جا چکے ہیں۔

Back to top button