جمائما نے کلنٹن اور مونیکا کے افیئر پر سیریز بنا ڈالی

سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور وائیٹ ہاؤس کی سابق ملازمہ مونیکا لیونسکی کے دنیا بھر میں تہلکہ مچانے والے افیئر پر بنائی گئی ٹی وی سیریز ریلیز کردی گئی ہے جس سے امریکہ میں ہاتھوں ہاتھ لیا جا رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سیریز کو خود مونیکا لیونسکی اورعمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے پروڈیوس کیا ہے۔
مونیکا اور کلنٹن کے رومانس پر بنائی گئی سیریل ’امریکن کرائم اسٹوری: امپیچمنٹ‘ کو ستمبر میں ایف ایکس ٹی وی چینل پر دکھانا شروع کیا گیا گیا اور اس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ یاد رہے کہ مونیکا لیونسکی اور بل کلنٹن کے درمیان1997 میں تب رومانوی تعلقات قائم ہوئے جب کلنٹن اپنے دوسرے دور کے آخری 3 سال گزار رہے تھے، کلنٹن 1993 سے 2001 تک کے لیے ملک کے 42 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔ ان کے معاشقے پر متعدد کتابیں، ڈرامے اور فلمیں بنائی جا چکی ہیں، تاہم اب ان کے افیئر کو امریکا میں چلنے والی معروف ٹی وی سیریل ’امریکن کرائم اسٹوری‘ کے تیسرے سیزن میں دکھایا گیا ہے۔
’امپیچمنٹ‘ سیریز کی ہفتہ وار ایک قسط نشر کی جا رہی ہے اور شائقین کی جانب سے سیریز کو بے پناہ سراہا جا رہا ہے۔ اس سیریز کو ’امریکن کرائم اسٹوری: امپیچمنٹ‘ کا نام دیا گیا ہے جو ماضی میں امریکی صدور کے جرائم اور اسکینڈلز پر بنی سیریل’امریکن کرائم اسٹوری‘ کا تیسرا سیزن ہے۔اس سیزن کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے خود مونیکا لیونسکی اور جمائما گولڈ اسمتھ سمیت دیگر شخصیات نے پروڈیوس کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سیریز کے نشر ہونے پر اس کا ٹریلر بھی انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا تھا کہ وہ منصوبے کا حصہ ہیں۔ سیریز میں مونیکا لیونسکی کا کردار امریکی اداکارہ بینی فیلڈسٹین نے ادا کیا ہے جب کہ کلائیو اوون نے بل کلنٹن اور ایڈی فیلکو نے ہلیری کلنٹن کا کردار ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ مونیکا لیونسکی نے گریجوئیشن کے بعد 1995 میں 21 سال کی عمر میں ٹرینی ملازم کے طور پر وائیٹ ہاؤس میں شمولیت اختیار کی تھی، اس وقت بل کلنٹن کی عمر 49 سال سے زائد تھی اور وہ اہلیہ ہلیری کلنٹن کے ساتھ سرکاری رہائش گاہ میں رہتے تھے۔
بل کلنٹن اور مونیکا لیونسکی کے درمیان قربتیں بڑھنے اور ان کے درمیان معمول سے ہٹ کر ہونے والی ملاقاتوں کو دیکھتے ہوئے وائیٹ ہاؤس کی خاتون سینیئر ملازم لندا ٹرپ نے مونیکا لیونسکی کے ذاتی فون کا ڈیٹا خفیہ طور پر حاصل کیا تھا، جس سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ وہ صدر کے ساتھ رومانوی تعلقات میں ہیں۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد امریکا کے ریاستی تحقیقاتی اداروں، میڈیا اور حکومتی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ اسکینڈل سے متعلق سامنے آنے والی مختلف تحقیقاتی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ مونیکا لیونسکی نے سابق صدر کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ امریکی سیریز میں بھی یہی کچھ دکھایا گیا ہے اور اسے ابھی تک امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں بھی سراہا جا رہا ہے۔
