جیلوں کی سکیورٹی بڑھانے کیلئے محکمہ داخلہ کا آئی جی جیل کو مراسلہ

سکیورٹی تھریٹس کے پیش نظر پنجاب کے جیلوں میں سکیورٹی بڑھانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو مراسلہ بھجوادیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات کو بھجوائے گئے مراسلے میں محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل، اٹک جیل،میانوالی جیل اور ڈی جی خان میں سکیورٹی تھریٹس ہیں، مختلف انٹیلی جنس اورسکیورٹی ایجنسیوں نےتھریٹ الرٹس سے آگاہ کیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد گروپ ملک دشمن عناصر کی مدد سے ٹارگیٹڈ حملے کر سکتے ہیں، حملوں کا مقصد ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنا اور انارکی پھیلانا ہے، صورت حال کا تقاضا ہے کہ بلاتاخیر اقدامات کیے جائیں۔

مراسلے میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے جیلوں میں سرچ آپریشن کیا جائے، دو ہفتے کیلئے جیلوں میں ملاقاتیں اور دورے منسوخ کیے جائیں، جیل کی بیرونی حدود میں خاردار تاریں لگائی جائیں۔

محکمہ داخلہ نے آئی جی  جیل خانہ جات کو بھیجے گئے مراسلے میں اڈیالہ سمیت دیگر جیلوں میں سکیورٹی اقدامات فوری بڑھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو اڈیالا جیل کا دورہ کرنے سے روک دیا تھا۔

Back to top button