حدیقہ کیانی کو پنجرے میں بند کرنے کا منصوبہ کس کا ہے
معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی اب ناظرین کو پنجرے میں نظر آئیں گی جو کہ انکے اگلے ڈرامے کا نام ہے۔ مرحومہ لکھسری اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے ’’پنجرہ‘‘ میں حدیقہ کیانی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے نظر آئیں گی، ڈرامہ پروڈیوسر نے انسٹا گرام سٹوریز میں حدیقہ کیانی کی شوٹنگ کے سیٹ کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ بھی ’پنجرہ‘ کا حصہ ہیں۔
شازیہ وجاہت کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں سوشل میڈیا اسٹار اور حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ’صنف آہن‘ کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی دنانیر مبین کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ دنانیر مبین بھی ’پنجرہ‘ کی کاسٹ کا حصہ ہیں یا پھر وہ ویسے ہی حدیقہ کیانی اور دیگر شوبز شخصیات سے شوٹنگ کے سیٹ پر ملنے پہنچی تھیں۔ پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے رواں برس ستمبر میں بتایا تھا کہ مرحومہ اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے پر کام شروع کر دیا۔اب ڈرامے کے نام سمیت اس کے کچھ اداکاروں کی تصدیق بھی کر دی تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ کچھ وقت کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔ ’پنجرہ‘ کی ہدایات نجف بلگرامی دیں گے جبکہ اطلاعات ہیں کہ ڈرامے کی کاسٹ میں عاشر وجاہت بھی شامل ہیں اور ممکنہ طور پر عمیر رانا بھی دکھائی دیں گے۔
رپورٹس کے مطابق پنجرہ‘ کو 2022 کی پہلی سہ ماہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ڈرامے کی لکھاری اسما نبیل رواں برس جولائی میں بریسٹ کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔انہوں نے ’خانی، باندی، دمسی، خدا میرا بھی ہے، دل کیا کرے اور سرخ چاندنی‘ سمیت دیگر ڈراموں کی کہانیاں لکھی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان مسئلہ کشمیر کے بعد افغانستان پر بھی ناکام ہو گیا
اسما نبیل میں ابتدائی طور پر 2013 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، چند سال زیر علاج رہنے کے بعد اسما نے کینسر کو تقریبا شکست دے دی تھی مگر بعد ازاں موذی مرض نے دوبارہ انہیں جکڑا اور وہ 2018 کے بعد دوبارہ زیر علاج رہیں۔ کینسر کے علاج کے دوران اسما نبیل اپنے سر کے بالوں سے بھی محروم ہو گئی تھیں لیکن اس کے باوجود وہ شوبز تقریبات میں دکھائی دیتی تھیں۔ تاہم جولائی 2021 میں وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔
