حسن شہریار یاسین عرف ایچ ایس وائے اداکار بن گئے

معروف ڈیزائنر حسن شہریار یاسین عرف ایچ ایس وائی نے بلاآخر اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔ اداکار محب مرزا کی ہدایت کاری میں بننے والی ایکشن کامیڈی فلم ’’عشرت میڈ ان چائنا‘‘ میں حسن شہریار کے علاوہ بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے والی خوبصورت اداکارہ سارا لورین بھی شامل ہیں۔
محب مرزا کی فلم ’’عشرت میڈ ان چائنا‘‘ کا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا، بتایا گیا یے کہ یہ فلم اداکار محب مرزا کے ڈرامے ’’عشرت باجی‘‘ کا تسلسل ہے۔ ایکشن کامیڈی فلم ’’عشرت میڈ ان چائنا‘‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ایچ ایس وائے بھی اب بڑے پردے پر سارا لورین اور محب مرزا کے ساتھ اداکاری کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔
یاد رہے کہ پہلے ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ چین میں ہونا تھی لیکن پھر اسے تھائی لینڈ میں فلمایا گیا کیونکہ گزشتہ برس شوٹنگ کے دوران سب لوگ کرونا وبا کے باعث چین میں پھنس گے تھے۔ فلم کے ٹیزر میں محب مرزا کے کردار کو ایکشن میں دکھایا گیا جبکہ دیگر اہم کرداروں کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں، فلم کی دیگر کاسٹ میں صنم سعید، سارہ لورین، شمعون عباسی، علی کاظمی، مانی، شبیر جان، نیر اعجاز، امام سید اور مصطفیٰ چوہدری شامل ہیں۔
’عشرت:میڈ ان چائنا‘ کے کرداروں کی جھلکیاں جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حسن شہریار یاسین بھی فلم سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔ اس فلم کے ذریعے سارہ لورین بھی بالی ووڈ کے بعد پاکستانی فلموں میں واپسی کر رہی ہیں، فلم کے ٹیزر کو شوبز شخصیات نے سراہتے ہوئے محب مرزا اور ان کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اگرچہ ٹیزر میں عندیہ دیا گیا کہ فلم کو جلد ریلیز کیا جائے گا تاہم اس کی نمائش کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں پیش کیا جائے گا۔
