حمل سے متعلق سب سے بڑا مفروضہ 2 افراد کیلئے کھانا کھانا ہے

بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے دسمبر 2017 میں کرکٹر ویرات کوہلی سے شادی کی تھی اور انہوں نے رواں برس اگست میں بتایا تھا کہ ان کے ہاں اگلے سال جنوری میں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے مداحوں کو ٰیہ خوشخبری دی تھی۔بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اپنی پوسٹس میں لکھا تھا کہ ‘اور پھر ہم 3 ہیں’۔دوسری جانب بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے بھی اسی کیپشن کے ساتھ پوسٹ کی اور بتایا تھا کہ ان کے ہاں جنوری 2021 میں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔اب ووگ انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انوشکا شرما نے حمل کے تجربے سے گزرنے سے متعلق بات چیت کی۔نومبر کے مہینے میں انڈین پریمیئر لیگ کے میچز کے بعد ویرات کوہلی کے ساتھ دبئی سے واپسی کے بعد انوشکا شرما کی کئی تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔وائرل ہونے والی تصاویر وہ حمل سے متعلق مصنوعات کی پروموشن کی شوٹنگ میں مصروف نظر آئی تھیں۔اب انوشکا شرما اپنی تمام تر مصروفیات ترک کرکے اپنے آنے والے بچے کو خوش آمدید کہنے کے لیے گھر کو سنوارنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ووگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توانائی اپنے بچے کے لیے نرسری تیار کرنے اور گھر کو سنوارنے میں صرف کررہی ہیں۔انہوں نےہنستے ہوئے کہا میں اس وقت گھر کو سنوانے پر مجبور ہوں، چاہے آپ حاملہ ہوں، میرا خیال ہے اس سال ہر کوئی ایسا کرنے پر مجبور ہوا۔
علاوہ ازیں انوشکا شرما نے کہا کہ صنفی دقیانوسی تصورات کو مسترد کرتے ہوئے میں نہیں مانتی کہ لڑکوں کو نیلا اور لڑکیوں کو گلابی رنگ پہننا چاہیے، نرسری میں سارے رنگ ہیں۔انہوں نے اپنے آنے والے بچے کے لیے بنائی گئی نرسری کی تھیم جانوروں پر مبنی رکھی ہے کیونکہ وہ جانوروں کے حقوق کے حوالے سے آواز بھی اٹھاتی رہی ہیں۔انوشکا شرما نے کہا کہ ‘ویرات اور میں جانوروں سے محبت کرتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا بچہ بھی ان سے جڑے، وہ (جانور) ہماری زندگیوں کا بڑا حصہ ہیں اور ہم مانتے ہیں کہ وہ بچوں کو مہربانی اور شفقت سکھاسکتے ہیں۔عالمی وبا کے دوران حمل سے گزرنے سے متعلق انوشکا شرما نے کہا کہ ‘ اب ہم سب اس کے عادی ہوگئے ہیں، گھروں کے اندر رہنا ایک طرح معمول بن گیا ہے لیکن مجھے زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت تھی’۔انہوں نے کہا کہ دبئی جانا اچھا رہا لیکن وہاں بھی بہت زیادہ احتیاط کرنا پڑا لیکن اب میں صرف اپنے والدین سے ملاقات کررہی ہوں اور ایک طویل عرصے دوستوں سے نہیں ملی۔انوشکا شرما نے بتایاکہ حمل کے ابتدائی 3 ماہ میں وہ ٹوسٹ اور کریکرز کھارہی تھیں اور جب وہ ختم ہوئے تو انہیں وڑا پاؤ اور بھیل پوری کھانے کا دل کرتا تھا لیکن ایسا زیادہ عرصہ نہیں ہوا۔اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل کیا اور انوشکا نے کہا کہ حمل سے متعلق سب سے بڑا مفروضہ 2 افراد کے لیے کھانا کھانا ہے۔
انوشکا شرما نے بتایا کہ بنگلورو کی ماہر غذائیت کی مشاورت سے انہوں نے حمل سے پہلے کھائی جانے والی خوراک سے ملتا جلتا ہی کھایا جس میں گلوٹین فری اور ویجیٹیرن غذا شامل تھی۔خیال رہے کہ انوشکا شرما حمل کے دوران کافی فعال رہی ہیں انہوں نے واک کے ساتھ ساتھ یوگا بھی کیا اور دبئی میں تھوڑی تیراکی بھی کی۔بچے کی پیدائش کے بعد مستقبل میں بطور والدین ذمہ داریوں سے متعلق سوال سے متعلق انوشکا شرما کا کہنا تھا کہ ہم خود کو ماں یا باپ کے طور پر نہیں بلکہ خاندان کے طور پر دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ذمہ داریوں بانٹنے سے متعلق ہے ابتدائی چند سالوں میں یہ فیصلہ کرسکتی ہوں کہ میں سال میں ایک یا 2 فلمز کروں جبکہ ویرات سال بھر کھیلتے ہیں، اس سب میں یہ اہم ہے کہ ہم ایک خاندان کے طور پر ایک ساتھ رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button