خان صاحب! آپکو لات پڑ گئی تو اب چی گویرا بن رہے ہیں

سینیئر صحافی اور تجزیہ کار کیپٹن ریٹائرڈ ایاز امیر نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب! آپ نے جناح اور اقبال کا پاکستان دو پراپرٹی ڈیلرز کے حوالے کر دیا تھا لیکن پھر جب آپ کو لات پڑ گئی تو آپ نے انقلابی چی گویرا بننے کی کوشش شروع کر دی۔ ایاز امیر نے یہ گفتگو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی جس میں عمران خان خود بھی موجود تھے، ایاز امیر نے عمران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پراپرٹی ڈیلروں کے چنگل سے نکلو، کیونکہ پاکستان کی زمین کم پڑ جائے گی لیکن ڈی ایچ اے چلانے والوں کی خواہشیں پوری نہیں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سارے کھلواڑ میں ایک ہی اچھی چیز ہوئی ہے اور وہ یہ کہ عمران خان نے پاکستان کو جن پراپرٹی ڈیلروں کے حوالے کیا تھا وہ ان کے چنگل سے نکل آیا ہے۔
فوج سے بطور کیپٹن ریٹائر ہونے والے صحافی اور لکھاری ایاز امیر نے عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ نے اس تقریب میں قائداعظم اور علامہ اقبال کی تصاویر آویزاں کی ہوئی ہیں، لہکن اگر ان کی جگہ دو پراپرٹی ڈیلروں کی فوٹوز لگا دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ ایاز امیر نے عمران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے آپ کو دھکے اور لات پڑی ہے تو ماشا اللہ آپ بھی چی گویرا بن رہے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ اب آپ چی گویرا ہی رہیں۔ ایاز امیر کا کہنا تھا کہ ان دھکوں سے کچھ سیکھیں اور پراپرٹی ڈیلروں سے اپنی جان چھڑائیں۔ لاہور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ٹائپ جو خباثتیں آپ نے اپنے دماغ میں ڈال لی تھیں، خدارا ان سے نکلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے خان صاحب نے پراپرٹی سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی اس کی وجہ سے پاکستان کی آدھی زمین راولپنڈی میں بیٹھے ہمارے بھائیوں نے کھا لی۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی مافیا کے چنگل سے نکلنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ پاکستان کی زمین کم پڑ جائے گی لیکن ان ڈی ایچ ایز والوں کی خواہشیں پوری نہیں ہوں گی۔
