دبئی میں مفت روٹی کی مشینیں نصب

دبئی کی حکومت نے اشیا خورو نوش کی بڑھتی قیمتوں اورغربت کی شرح میں اضافے کے پیش نظرسپر مارکیٹوں میں ایسی وینڈنگ مشینز لگائی ہیں جن سے وہاں کے عوام ضرورت کے تحت روٹی مفت نکال سکتے ہیں۔

ڈی ڈبلیوکی رپورٹ کے مطابق اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو مدِنظر رکھتے ہوئے دبئی نے مفت روٹی کی تقسیم کا ایک جدید طریقہ متعارف کروایا ہے۔ فلک بوس عمارتوں کا یہ ریگستانی شہر جہاں کھانے کی تقریباﹰ تمام اشیا درآمد کی جاتی ہیں دنیا میں خوارک کی قلت اور بڑھتی قیمتوں کے باعث شدید متاثر ہوا ہے۔ خصوصاﹰروس کے یوکرین پرحملے کے بعد سے دنیا میں غذائی اجناس کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دبئی کی سپر مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے ایسی دس وینڈنگ مشینیں لگائی گئی ہیں جن میں کمپیوٹر ٹچ اسکرین کی مدد سے لوگ اپنے لیے مختلف قسم کی روٹی کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ اس میں سینڈوچ بنانے کے لیے بریڈ، پٹا روٹی یا چپٹی ہندوستانی طرز کی چپاتی کے آپشنز موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مشین میں کریڈٹ کارڈ کی جگہ بھی موجود ہے تاہم یہ عطیات دینے کے لیے ہے ادائیگی کے لیے نہیں۔
رپورٹ کے مطابق نیپال سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے بتایا کہ انہیں کسی دوست کے توسط سے ان مشینوں کا پتا لگا اور اب وہ وہاں اپنے لیے روٹی لینے آئے ہیں۔ بگیندر جنہوں نے اپنا پورا نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ وہاں گاڑیاں دھونے کا کام کرتے ہیں۔لاکھوں ایشیائی تارکین وطن کی طرح بگیندر نے بھی متحدہ عرب امارات میں دولت کمانے کا خواب دیکھا اور اسے کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے دبئی کا رخ کیا۔ دبئی ایک ایسا شہر ہے جس نے پچھلے کئی سالوں میں ضرورت سے زیادہ شہرت حاصل کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دبئی کے شماریاتی مرکز کے حکومتی اعدادوشمار کے مطابق وہاں کھانے کی قیمتوں میں جولائی کے ماہ میں 8.75 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ٹرانسپورٹ کی لاگت میں 38 فیصد سے بھی زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق روٹی کی یہ مشینیں دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی قائم کردہ فاؤنڈیشن کی جانب سے لگائی گئیں ہیں۔ متعلقہ فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر زینب جمعہ التمیمی نے کہا کہ اس منصوبے کے پیچھے خیال یہ ہے کہ پسماندہ خاندانوں اور کارکنوں کے پاس جانے کے بجائے وہ ہمارے پاس آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی ضرورت مند صرف بٹن دبانے سے گرم روٹی حاصل کر سکتا ہے۔

Back to top button