چین میں عمارت کی چھت سے ہونیوالی مصنوعی بارش برس گئی

چین میں عمارت کی چھت سے مصنوعی بارش ہوتی ہے جو عمارت کے اردگرد موجود فضا اور سطح کے درجہ حرارت کو چند منٹوں میں 5 سے 8 سینٹی گریڈ تک کم کر دیتی ہے۔
دنیا کے بیشتر ممالک میں دہائیوں سے موسم گرما سے مقابلے کے لیے ایئر کنڈیشنرز (اے سی) کا استعمال کیا جا رہا ہے۔مگر چین میں اب پرہجوم اپارٹمنٹ بلڈنگز میں شدید گرم موسم کے دوران درجہ حرارت کو معمول پر رکھنے کے لیے نئے طریقوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔
ان میں سے ایک طریقہ کار حالیہ دنوں میں کافی وائرل ہوا ہے۔
چین کے صوبے شنسی کے علاقے یونچینگ میں ایک بلند و بالا اپارٹمنٹ کے رہائشیوں کو اب اے سی کی ضرورت نہیں رہی۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مقصد کے لیے سنسر پر مبنی مسٹنگ سسٹم استعمال کیا جارہا ہے جو چھت پر موجود ٹونٹیوں سے پانی کا اخراج ہوتا ہے۔
پانی کی یہ بوندیں عمارت کے نیچے گرتی ہیں اور بالکل بارش جیسے تجربے کا احساس ہوتا ہے۔
اس مصنوعی بارش کا نظام تبخیری ٹھنڈک کے سائنسی اصول پر کام کرتا ہے، یعنی بہت باریک پھوار کو فضا میں چھوڑا جاتا ہے اور یہ بوندیں بخارات بن کر اڑنے کے بعد اردگرد کی فضا میں موجود حرارت کو جذب کرکے اسے ٹھنڈا کر دیتی ہیں۔
