سپریم کورٹ : عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ، عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس

سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کے اعتراضات عبوری نوعیت کے ہیں، اعتراضات برقرار رکھنے یا دور کرنے کا فیصلہ مجاز اتھارٹی کرے گی۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ درخواست گزار نے فریقین پر توہین عدالت کے الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی ۔
واضح رہے کہ عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر عظمیٰ خان نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں عمران خان کو علاج کےلیے شفا ہسپتال منتقل کرنے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیاگیا تھا۔اس حوالے سے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ بھی آئے تھے تاکہ درخواست کو جلد سماعت کےلیے مقرر کروایا جاسکے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔بعد ازاں انہیں پمز ہسپتال لے جایا گیا، جہاں طبی معائنے کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
