دورہ ایران : فیلڈ مارشل کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں، آبنائے ہرمز کھولنے پر تبادلہ خیال

 

 

 

خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کےلیے پاکستان کی کوششیں جاری ہیں اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل ہوگیا جس میں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام،آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کےلیے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کےمطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل ہوگیا، دورے کے دوران  فیلڈ مارشل کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان،سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف، ایرانی وزیر خارجہ وایرانی وزیر داخلہ سے ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کےمطابق ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام،آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کےلیے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیاگیا۔

آئی ایس پی آر کاکہنا ہےکہ دونوں جانب سے علاقائی امن اور تنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے طریقۂ کار پر بھی تبادلۂ خیال کیاگیا۔

 ٹرمپ کافیلڈ مارشل کو فون،ایران کومذاکرات کی میزپرلانےکی درخواست کردی

آئی ایس پی آر کےمطابق ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پُر امن حل میں سہولت کاری کےلیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

 

Back to top button