رحمان ملک کیخلاف قانونی چارجوئی، سنتھیا کی مالی امداد کی اپیل

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمان ملک پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کرنے کے بعد سابق وزیر داخلہ کے خلاف قانونی جنگ کیلئے سنتھیا رچی نے پاکستانی عوام سے مالی امداد کی اپیل کر دی۔ ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مشکوک امریکی خاتون صحافی سنتھیارچی کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی اور رحمان ملک کے خلاف قانونی جنگ لڑنی ہے جس کے لئے پیسوں کی ضرورت ہو گی، جو لوگ میری مدد کرنا چاہتے ہیں وہ میرے اکاؤنٹ میں رقم بھیج سکتے ہیں۔
ٹویٹر پیغام میں انہوں نے اپنے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں جس کے بعد عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی مدد کریں۔
خیال رہے کہ امریکی خاتون صحافی سنتھیا رچی کے پیپلز پارٹی رہنماؤں پر الزامات کا معاملہ سنگین ہوتا جا رہا ہے جس کے بعد گزشتہ روز پہلے رحمان ملک نے سنتھیا رچی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے وزارت داخلہ کو درخواست دے دی تھی۔درخواست جمع کرواتے ہوئے ان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سنتھیارچی کامتعدد کیسوں میں عدالت اوردوسرےاداروں کےسامنےپیش ہوناضروری ہے، عدالتوں میں موجودگی کویقینی بنانےکیلئےسنتھیارچی کانام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔ اس کے علاوہ خط کے ذریعہ وزارت داخلہ کو آگاہ کیا گیا تھا کہ بینظیربھٹوکی کردارکشی پرسنتھیارچی کےخلاف ایف آئی اےودیگرعدالتوں میں کیسززیرالتواہیں۔
خیال رہے کہ سنیتھا رچی 5 جون کو اپنے فیس بک پیج پر جاری ایک لائیو ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ ‘2011 میں سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے میرا ریپ کیا تھا، یہ بات درست ہے، میں دوبارہ کہوں گی کہ اس وقت کے وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے میرا ریپ کیا تھا’۔ سنتھیا رچی نے سابق وقافی وزیر مخدوم شہاب الدین اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر جسمانی طور ہراساں کرنے کا بھی الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ اس دوران یوسف رضا گیلانی ایوان صدر میں مقیم تھے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ مجھے مارنے اور میرا ریپ کرنے کی لاتعداد دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ جو کچھ بھی کہہ رہی ہیں اس کی حمایت میں شواہد موجود ہیں۔
دوسری جانب رحمٰن ملک، یوسف رضا گیلانی، ان کے بیٹے اور مخدوم شہاب الدین نے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکی نژاد پاکستانی بلاگر سنتھیا رچی کے خلاف پاکستان اور امریکا میں ہتک عزت کا دعوی دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سنتھیا رچی نے بے بنیاد الزامات لگا کر میری ساکھ مجروح کی۔ دوسری جانب سینیٹر رحمٰن ملک کے وکلا نے بذریعہ ٹی سی ایس امریکی خاتون سنتھیا رچی کو الزامات عائد کرنے پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔
سابق وزیرداخلہ رحمٰن ملک کے ترجمان ریاض علی طوری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر رحمٰن ملک نے اپنے قانونی نوٹس میں سنتھیا رچی کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے کر سختی سے تردید کی۔ بعدازاں 9 جون کو سینیٹر رحمٰن ملک نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا دوسرا نوٹس بھجوایا تھا۔ رحمٰن ملک کے وکلا نے سنتھیا رچی کو نوٹس بذریعہ کوریئر بھجوایا تھا، جس میں رحمٰن ملک نے سنتھیا رچی کے لگائے گئے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے کر سختی سے مسترد کیا تھا۔ 10جون کو پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سنتھیا رچی کو قانونی نوٹس بھجوایا تھا جس میں دست درازی سے متعلق ‘جھوٹے‘ اور ’غیر سنجیدہ ‘ الزام پر ان سے معافی مانگنے اور اپنے الزامات واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button