ریشم نے میشا شفیع کی بجائے علی ظفر کی حمایت کیوں کی؟


فلموں کی سینئر اداکارہ ریشم نے معروف گلوکار علی ظفر پر میشا شفیع کی جانب سے لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گزشتہ 2 دہائیوں سے علی ظفر کو جانتی ہیں اور انہوں نے آج تک انہیں کسی خاتون کے بارے میں کوئی غیر اخلاقی بات کرتے ہوئے یا کسی خاتون کے ساتھ چھیڑخانی کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔ یاد ریے کہ ریشم نے ماضی میں بھی اس موضوع پر بات کرتے ہوئے یہی کہا تھا کہ کہ مجھے لگتاہے کہ یہ معاملہ ہراساں کرنے کا نہیں بلکہ ذاتی نوعیت کا ہے۔ ریشم کا کہنا تھا کہ میں علی ظفر کو 20 سال سے جانتی ہوں، ہم نے بہت دفعہ اکھٹے کام بھی کیا ہے اور اس دوران کبھی بھی علی ظفر نے ایسی کوئی حرکت نہیں کی، لہذا مجھے تو لگتا ہے کہ معاملہ ہراساں کرنے کا نہیں بلکہ ذاتی نوعیت کا ہے۔
اب ایک حالیہ انٹرویو میں ریشم نے اپنے پرانے موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ علی ظفر بہت سلجھے ہوئے انسان ہیں، ان کا پورے کیرئیر میں کوئی سکینڈل نہیں آیا ہے،وہ جس سے محبت کرتے تھے انہوں نے اسی سے شادی کی اور اب اسے کے ساتھ ایک اچھی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی ظفر ایک فوکسڈ پرسن ہیں، وہ اپنے کام سے عشق کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں اتنی شہرت اور کامیابی ملی ہے۔
اپنی شاندار اداکاری کے باعث حال ہی میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ کے لیے نامزد کی جانے والی اداکارہ ریشم نے پہلی بار واضح کیا ہے کہ انہوں نے میشا شفیع کے الزامات کے بعد علی ظفر کی حمایت کیوں کی تھی؟ ساتھ ہی ریشم نے پہلی بار اس بات کی وضاحت بھی کی ہے کہ انہوں نے جہاں جنسی ہراسانی کے الزامات کے باوجود علی ظفر کی حمایت کی تھی، وہیں انہوں نے ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر کو تنقید کا نشانہ کیوں بنایا؟ محض17 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کرنے والی اداکارہ ریشم نے ڈان اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے کیوں خاتون ہونے کے باوجود میشا شفیع کے بجائے علی ظفر کی حمایت کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ 2 دہائیوں سے علی ظفر کو جانتی ہیں اور علی ظفر کی اہلیہ کو بھی اچھی طرح سے جانتی ہیں جب کہ ان کے گلوکارہ میشا شفیع کی والدہ اداکارہ صبا حمید سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔ ریشم نے بتایا کہ انہوں نے میشا شفیع کی شادی میں شرکت کی تھی اور وہ ان کی بھی بہت عزت کرتی ہیں مگر چوں کہ انہوں نے آج تک علی ظفر کو کسی خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرتے نہیں دیکھا تھا، اس لیے انہوں نے اس معاملے میں ان کی حمایت کی۔ ریشم نے انکشاف کیا کہ علی ظفر کی حمایت کرنے پر خود گلوکار بھی حیران رہ گئے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ بہت سارے لوگ خوف کی وجہ سے ان کی حمایت نہیں کر رہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں کسی کا بھی خوف نہیں، وہ صرف خدا سے ڈرتی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں ریشم نے بتایا کہ انہوں نے کیوں ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ریشم نے بتایا کہ اگرچہ وہ خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ کام بھی کر چکی ہیں اور وہ ان کے کام کی قدر بھی کرتی ہیں مگر وہ ایسے شخص ہیں جو خواتین کی عزت نہیں کرتے، اس لیے انہوں نے خلیل پر تنقید کی تھی۔ ریشم کے مطابق خلیل الرحمٰن جن خواتین پر تنقید کرتے ہیں، ان کے ساتھ وہ کام بھی کرتے ہیں اور ان کی محنت سے وہ پیسے بھی کماتے ہیں۔
انہوں نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں خلیل الرحمٰن قمر پر اس وقت تعجب ہوا جب انہوں نے ایک تقریب میں دعویٰ کیا کہ ریشم اور ان کی بہن ان سے معافی مانگنی آئی تھیں۔ اداکارہ نے سوالیہ انداز میں کہا کہ وہ کیوں خلیل الرحمٰن قمر سے معافی مانگیں گے؟ انٹرویو کے دوران ریشم نے لولی وڈ میں اقربا پروری پر بھی بات کی اور بتایا کہ ماضی میں جب ان کا کیریئر عروج پر تھا تو ایک فلم ساز نے جس اداکارہ سے شادی کی، وہ صرف انہیں ہر فلم دینے لگے تھے۔ ریشم نے بتایا کہ فلم ساز کی جانب سے بیوی کو ہی فلموں کے کردار دیے جانے کے بعد انہوں نے فلموں سے کنارہ کشی کرکے ٹی وی کا رخ اختیار کیا۔ کافی عرصے سے اسکرین پر نظر نہ آنے کے حوالے سے ریشم نے بتایا کہ انہیں اب بھی کام کی آفرز ہوتی ہیں، تاہم وہ صرف اسی منصوبے میں کام کرتی ہیں، جو انہیں پسند آتا ہے۔ صدر پاکستان کی جانب سے پرائڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ دیے جانے پر انہوں نے بتایا کہ ڈھائی ماہ قبل پاکستان ٹیلی وژن سے انہیں فون آیا تھا اور ان سے شناختی کارڈ کی کاپی مانگی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ ان کا نام پرائیڈ آف پرفارمنس کے لیے بھجوایا جا رہا ہے۔ ریشم نے بتایا کہ انہیں 13 اگست کو علی ظفر نے فون کرکے بتایا تھا کہ انہیں بھی پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومتی ایوارڈ ملنےپر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ انہیں بشریٰ انصاری جیسی سینیئر اداکاراؤں کے ساتھ ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button