زارا نور شوبز سے کنارہ کشی کیوں اختیار کرنے والی ہیں؟

معروف اداکارہ زارا نور عباس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شوبز کی دنیا سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کر رہی ہیں، ایوارڈ شوز کی حقیقت سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ تمام ایوارڈز شو جھوٹے ہوتے ہیں، جن کو ایوارڈ ملنے ہوتے ہیں انہیں ہی تقریب میں مدعو کیا جاتا ہے۔زارا نور عباس نے حال ہی میں اداکار و میزبان یاسر حسین کے شو ‘پِک اینڈ ڈراپ’ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے ایوارڈ شوز کی حقیقت سے پردہ اُٹھایا اور ساتھ ہی مختلف موضوعات پر گفتگو بھی کی، اداکارہ نے کہا کہ تمام ایوارڈ شوز جھوٹے ہوتے ہیں، اداکاروں کو پہلے ہی معلوم ہوتا ہے کہ اُنہیں ایوارڈز نہیں ملیں گے، اسی لیے وہ ایوارڈ شوز میں شرکت نہیں کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اور جو اداکار ایوارڈز جیتتے ہیں اُنہیں بھی پہلے سے ہی علم ہوتا ہے کہ انہیں ایوارڈز ملیں گے اور اسی وجہ سے وہ ایوارڈز شوز کی تقریب میں شرکت کرتے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ایوارڈز شوز نہیں ہونے چاہئیں، ان شوز سے کوئی فائدہ تو ہوتا نہیں ہے، بلاوجہ ایوارڈ شوز پر اتنا پیسہ خرچ کیا جاتا ہے۔اداکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو ایوارڈ نہیں ملتا تو پریشان نہیں ہوں، ان ایوارڈ شوز کو سنجیدہ نہیں لیں اور نہ ہی اُنہیں زیادہ اہمیت دیا کریں، اداکارہ کے مطابق میں ایوارڈ شوز میں ڈانس پرفارمنس کے لیے پیسے لیتی ہوں، میں نے اب تک جتنے بھی ایوارڈز شوز میں ڈانس پرفارمنس کی ہے، اُن کا معاوضہ لیا ہے۔اپنے کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں کم از کم ایک سال کے لیے عارضی طور پر اسکرین سے دور رہوں گی، اس دوران فیملی کو وقت دوں گی۔زارا نور عباس نے اپنی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں بہترین اداکارہ ہوں، جن لوگوں کو میری اداکاری کی صلاحیتوں پر شک ہے، وہ میرا کام دیکھ سکتے ہیں، واضح رہے کہ زارا نور عباس اور اُن کے شوہر اسد صدیقی بہت جلد اپنے پہلے بچے کو دُنیا میں خوش آمدید کہنے والے ہیں، اسی وجہ سے وہ شوبز کی دنیا سے عارضی دوری اختیار کر رہی ہیں۔زارا نور عباس اور اسد صدیقی کی شادی دسمبر 2017 میں ہوئی تھی، اداکارہ کی یہ دوسری شادی ہے، اُن کی پہلی شادی 2014 میں ہوئی تھی لیکن 2017 کے آغاز میں ہی ان کی طلاق ہوگئی تھی، اسد صدیقی اداکار عدنان صدیقی کے بھانجے ہیں جو بہت سے ڈراموں کے ذریعے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی شناخت بنا چکے ہیں جبکہ زارا نور عباس اداکارہ اسما عباس کی بیٹی اور بشریٰ انصاری کی بھانجی ہیں۔

Back to top button