شمالی وزیر ستان: دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا

شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ فائر نگ کے تبادلے میں سپاہی شاہ زیب شہید ہوگیا۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کےمطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، شدید فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک سپاہی شاہ زیب امتیاز نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کےمطابق سکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا اور مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس کی جارہی ہے۔
بیان کے مطابق شہید سپاہی شاہ زیب کی عمر 25 سال تھی اور وہ کوٹلی ستیاں کا رہائشی تھا۔

دوسری جانب آئی ایس پی آر نے جلتے ہوئے آئل ٹینکر کو تین کلومیٹر تک چلا کر اور اسے آبادی والے علاقے سے دور لے جا کر کئی قیمتی جانیں بچانے والے ڈرائیور فیصل بلوچ کی بھی تعریف کی اور ان کی بہادری کو سراہا۔

Back to top button