طوطے نے پولیس کو پریشان کردیا

امریکا کی ریاست فلوریڈا کی پولیس کو ایک شکایت کال موصول ہوئی، شکایت کرنے والے شخص نے پولیس کو بتایا کہ ہمارے پڑوس سے ایک خاتون کی چیخوں کو آواز آرہی ہے جو کہ بار بار کہہ رہی کہ مجھے جانے دو۔
جیسے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی وہ یہ جان کر حیران ہوگئی کہ انہیں جن خاتون کی چیخوں کی اطلاع دی گئی تھی وہ دراصل کوئی خاتون نہیں بلکہ ایک طوطا تھا۔ پولیس جب وہاں پہنچی تو طوطے کے مالک نے انہیں بتایا کہ وہ یہاں گیراج میں اپنی اہلیہ کی گاڑی ٹھیک کررہے تھے اور ان کے ساتھ ان کا طوطا تھا جو ان سے باتیں کرنے کے ساتھ ساتھ گانا بھی گا رہا تھا کہ جس کے یہ الفاظ تھے مجھے جانے دو، اس طوطے کی آواز کسی خاتون سے بے حد مشابہت رکھتی تھی۔
طوطے کے مالک نے بتایا کہ میں اپنے 40 سالہ طوطے ریمبو کو ساتھ بٹھاکر اس سے باتیں کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کی گاڑی کے بریک ٹھیک کر رہا تھا اس دوران میرا طوطا گانا بھی گا رہا تھا کہ اچانک ہمارے ہاں 4 پولیس آفیسرز پہنچ گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس آفیسر نے ان سے کہا کہ ہمیں آپ کے پڑوس سے ایک کال موصول ہوئی تھی کیوں کہ انہیں آپ کے گھر سے کسی خاتون کی چیخوں کی آواز آرہی تھی جو مدد طلب کر رہی تھی۔
انہوں نے پولیس کو اپنا طوطا ریمبو دکھایا جس کے بعد پولیس آفیسرز زور دار قہقہ لگایا۔
طوطے کے مالک کا کہنا تھا کہ میرا طوطا اکثر اوقات چیخیں مارتا ہے اور کہتا ہے مجھے باہر نکالو یا مجھے جانے دو اور یہ میں نے اپنے طوطے کو بچپن میں سکھایا تھا جب وہ اپنے پنجرے میں رہتا تھا۔
