عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج، مظاہرے، درجنوں گرفتار

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کے دوران درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے زمان پارک کے باہر سے 20 افراد کو حراست میں لیا، حراست میں لیے جانے والے افراد کو تھانہ سول لائنز میں منتقل کر دیا گیا، زیر حراست افراد چئیرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر احتجاج کر رہے تھے، پولیس کی نفری تاحال زمان پارک کے باہر موجود ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے بعد کراچی پریس کلب کے باہر بھی کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس کے بعد پریس کلب کے باہر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی، لیڈیز پولیس اہلکار بھی پریس کلب کے باہر موجود ہے، پولیس نے احتجاج کیلئے آنے والے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔
