عمران نیازی مودی کی زبان بولنا بند کریں

سندھ کے صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران نیازی نریندر مودی کی زبان بولنا بند کریں، دشمن ممالک کو خوش کرنے کے لیے عمران نیازی ایک خطرناک ایجنڈے پر گامزن ہیں، ان کا مقصد ملک میں افراتفری ، انارکی اور شرانگیزی پھیلانا ہے۔
ایک بیان میں انکا کہنا تھا پاکستانی عوام کسی بھی صورت میں قبول نہیں کرے گی کہ عمران نیازی ملک کے اہم ترین اداروں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرے،پاکستان کی عوام اپنی افواج، عدلیہ اور الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اگر نفرت انگیزی کے ایجنڈے سے عمران نیازی باز نہ آئے، تو محبت وطن عوام عمران خان کے اس پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دے گی۔
انہوں نے کہاپوری قوم جانتی ہے کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ سے شروع ہوکر جھوٹ پر ختم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اعلیٰ عہدیداران ، وزرا، اور اراکین اسمبلی فیصلہ کریں کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا ملک کو نقصان پہنچانے والے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
