پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا سے ون ڈے سیریز ڈراپ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا سے طے شدہ 3 بین الاقوامی میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کو ختم کردیا گیا ہے۔

طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو جولائی میں اپنے دورہ سری لنکا کے دوران 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کھیلنے تھے۔

اس حوالے سے ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کی درخواست پر ون ڈے میچوں کی سیریز کو ختم کر دیا گیا۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا تھا سری لنکا کرکٹ نے لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) جلد شروع کرنے کے لیے بورڈ سے تین ون ڈے میچز کی سیریز ڈراپ کرنے کی درخواست کی تھی،پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ نہیں تھی، جبکہ ایس ایل سی کو مالی چیلنجز کا سامنا ہے اس لیے پی سی بی نے لنکن بورڈ کی درخواست قبول کر لی۔دو ممالک کے درمیان ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے انعقاد کے لیے شیڈول کے مطابق کام جاری ہے اور ٹیسٹ سیریز شیڈول کے مطابق 5 جولائی سے 9 اگست کے درمیان کھیلے جائے گی۔

یاد رہے کہ یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سری لنکا ان دنوں بدترین معاشی بحران کا شکار ہے، مہینوں سے جاری بلیک آؤٹ، خوراک، ایندھن اور ادویات کی شدید قلت نے پورے جنوبی ایشیائی جزیرے میں بہت بڑے پیمانے پر مسائل و مشکلات کو جنم دیا ہے اور ملک اپنی تاریخ کی اب تک کی بدترین معاشی بدحالی کا شکار ہے۔

Back to top button