عید الفطر پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان

عیدالفطر کی مناسبت سے صدر مملکت کی جانب سے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 یوم کی کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب کی جیلوں میں بند 129 قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔
قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اطلاق زنا، قتل، جاسوسی، ریاست مخالف سرگرمیوں اور دہشت گردی سمیت دیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں سزا یافتہ قیدیوں پر نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں سزاؤں میں کمی کا اطلاق مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق سزاؤں میں کمی کا اطلاق 65 سال سے زائد عمر کے مرد اور 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدیوں پر ہوگا، تاہم لازمی ہے کہ وہ سزا کی میعاد کی ایک تہائی قید کاٹ چکے ہوں۔اسی طرح 18 سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔
