فلم ’’پٹھان‘‘ کا نیا گانا ’’جھومے جو پٹھان‘‘ بھی ہٹ نکلا

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی متنازعہ فلم ’’پٹھان‘‘ کے گانے ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے تمام تر مخالفت کے باوجود عوام میں مقبولیت حاصل کر رہے ہیں، بے شرم رنگ کی دھوم اور پھر اس پر ہندو انتہا پسندوں کی سخت تنقید کے بعد فلم کا نیا گانا ’’جھومے جو پٹھان‘‘ بھی خوب مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ فلم ’پٹھان‘ کے نئے گانے ’جھومے جو پٹھان‘ میں شاہ رخ خان اور دیپکا پاڈوکون نظر آ رہے ہین۔ اس گانے نے ریلیز کے بعد پہلے 9 گھنٹوں میں ایک کروڑ ویوز حاصل کر لیے۔ اسے گلوکار اریجیت سنگھ، سُکریتی ککڑ، وشال اور شیکھر نے گایا ہے۔ اس سے پہلے 12 دسمبر کو ’پٹھان‘ کا پہلا گانا ’بے شرم رنگ‘ریلیز کیا گیا تھا جو تنازعات کا شکار ہو گیا، ’بے شرم رنگ‘ نے 10 دنوں میں 10 کروڑ سے زیادہ ویوز حاصل کیے ہیں جبکہ اپنی ریلیز کے بعد یہ گانا میوزک پلیٹ فارمز اور یوٹیوب پر مسلسل ٹرینڈ کر رہا ہے۔
شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کا شمار بالی وُڈ کی 2023 میں آنے والی بڑی فلموں میں کیا جا رہا ہے، لیکن اس کے پہلے گانے کو ہندو مذہب میں مقدس سمجھے جانے والے زعفرانی رنگ کی بے حرمتی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ دیپکا نے زعفرانی رنگ کا لباس پہن کر گانے کے دوران فحاشی پھیلائی جس سے ان کے جذبات کی توہین ہوئی۔ ابھی تک فلم کا۔کوئی ٹریلر جاری نہیں کیا گیا لیکن گانوں کے سٹریمنگ پلیٹ فارم سپاٹی فائی پر ’پٹھان‘ کے میوزک البم کو ریلیز کیا گیا ہے جس کے بعد اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلم کا مزید کوئی اور گانا ریلیز نہیں ہوگا، پٹھان کی موسیقی کو مشہور میوزک ڈائریکٹرز وشال اور شیکھر کی جوڑی نے ترتیب دیا ہے جبکہ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند نے کی ہے۔
25 جنوری 2023 کو ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ کے نئے گانے کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ٹوئٹر صارف دیپکا نرائن لکھتی ہیں کہ ایک جانب ٹام کروز 60 سال کی عمر میں ناممکن کرتب کر کے اپنے مداحوں کو سرپرائز کر رہے ہیں تو شاہ رخ خان 57 سال کے ہو کر بوریت سے بھرپور فلمین اور گانے بنا رہے ہیں۔
