فوجی خواتین آفیسرز پر بننے والے ڈرامے میں کیا کچھ ہے؟

ہدایت کار ندیم بیگ کے آنے والے میگا کاسٹ تھرلر ڈرامے ’صنف آہن‘ میں اداکارہ سجل علی کے کردار کا ٹیزر جاری ہونے کے بعد اب کبریٰ خان اور یمنیٰ زیدی کے کرداروں کے ٹیزرز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ یہ فلم پاک فوج سے تعلق رکھنے والی مختلف خواتین آفیسرز کی زندگی کی اصل کہانی پر مبنی ہے۔ دونوں اداکاراؤں کے کرداروں سے قبل سجل علی کے کردار کے ٹیزر میں انہیں ایک عام لڑکی سے فوجی افسر بنتے دکھایا گیا تھا۔
اب اسی ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکاراؤں کبریٰ خان اور یمنیٰ زیدی کے کرداروں کے ٹیزر بھی جاری کردیے گئے، جن میں انہیں فوج میں شمولیت اختیار کرکے خاندان اور ملک کا نام روشن کرتے دکھایا گیا ہے۔
کبریٰ خان کے کردار کے جاری کیے گئے ٹیزر میں ان کے گھریلو مسائل کو بھی دکھایا گیا ہے، جہاں ان کے والدین میں آئے روز جھگڑا ہوتا رہتا ہے۔ اس ٹیزر میں انہیں شہر کی پرآسائش زندگی گزارتے دکھایا گیا ہے، تاہم وہ گھر میں والدین کے جھگڑوں کی وجہ سے بیزار دکھائی دیتی ہیں۔ ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ وہ گھریلو مسائل اور دیگر وجوہات کی بنا پر فوج میں شمولیت اختیار کرتی ہیں مگر خود انہیں ان کی والدہ صبا حمید کہتی ہیں کہ وہ فوج کی نوکری نہیں کر پائیں گی۔ ٹیزر میں کبریٰ خان کو عام لڑکی سے فوجی افسر بنتے سمیت سخت تربیت لیتے اور ہتھیار چلاتے بھی دکھایا گیا ہے۔
اس ٹیزر میں اکبری کو علی رحمٰن کے ساتھ رومانس کرتے بھی دکھایا گیا ہے، تاہم وہ محبت کے پر فوجی کیرئیر کو فوقیت دیتی دکھائی دیتی ہیں۔ ’صنف آہن‘ میں کبریٰ خان ’ماہ جبین مستان‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
اسی طرح یمنیٰ زیدی کے کردار کے ٹیزر میں انہیں ایک روایتی پشتون قبیلے کی لڑکی سے فوجی افسر بنتے دکھایا گیا ہے۔ ڈرامے میں یمنیٰ زیدی ’شائستہ خانزادہ‘ کا کردار ادا کریں گی جو کہ پشتونوں کے قبائلی علاقے سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے قبیلے میں لڑکیوں کو ملازمت کی اجازت نہیں ہوتی۔ یمنیٰ زیدی کو گھر سے قبائلی روایات توڑ کر فرار ہوکر فوج میں شمولیت اختیار کرتے اور افسر بنتے دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر میں وہ پشتو انداز میں اردو بولتی دکھائی دیتی ہیں اور انہیں سخت فوجی تربیت لینے سمیت ہتھیار چلاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
’صنف آہن‘ میں سائرہ یوسف اور رمشا خان سمیت سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا بھی مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گی۔ ڈرامے کی کہانی عام گھرانوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کے گرد گھومتی ہے جو بعد ازاں فوجی افسر بنتی ہیں۔ سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان کے علاوہ ’صنف آہن‘ کی مزید کاسٹ میں عثمان مختار، میرب علی، عاصم اظہر، علی رحمٰن، عثمان پیرزادہ، صبا حمید اور سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔
ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے اور اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ سعید ثنا شاہنواز نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ ڈرامے کو بنانے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر نے بھی تعاون کیا ہے۔ ڈرامے کو جلد اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا۔
