فہد مصطفیٰ نے نئے اداکاروں کیساتھ کام کو مشکل قرار کیوں دیا؟

معروف میزبان و اداکار فہد مصطفیٰ نے انکشاف کیا کہ ڈراموں میں زیادہ اس لیے نظر نہیں آتا کیونکہ نئے فنکاروں کے ساتھ کام کرنا مشکل ہوتا ہے، سٹارز کے ساتھ کام کرنا آسان ہے، ایک کمرے میں چار پانچ لوگ ایک ساتھ نہیں بیٹھ سکتے تو کام کیسے اچھا ہوگا؟فہد مصطفیٰ نے کئی نامور فلمیں پروڈیوس کیں اور ان میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے جو کافی مقبول ہوئیں ان میں ’نامعلوم افراد‘، ’لوڈ ویڈنگ‘، ’ایکٹر اِن لا‘، اور جوانی پھر نہیں آنی سمیت دیگر شامل ہیں، انہوں نے آخری بار 2022 کی فلم قائد اعظم زندہ باد میں کام کیا تھا جس کے بعد وہ ٹی وی اور بڑے پردے پر طویل عرصے تک نہیں دیکھا گیا۔حال ہی میں انہوں نے مزاحیہ پروگرام ’’گپ شپ‘‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے فلموں اور ڈراموں میں طویل عرصے تک کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے حالات کی وجہ سے گھبرا گئے تھے کہ سینما دوبارہ نہ بند ہو جائیں، ملکی حالات کی وجہ سے ڈر گیا تھا، ایک ہی وقت میں بہت سارے مسائل چل رہے تھے، ڈر تھا کہ فلم ریلیز ہوئی تو اگلے کچھ دنوں بعد ملک کے حالات مزید نہ خراب ہوجائیں، بطور پروڈیوسر ہمیں ان باتوں کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔نامور میزبان نے کہا کہ ’ٹی وی پر کام کرنا آسان ہے کیونکہ ٹی وی پر ڈرامے بند نہیں ہوتے، کووڈ-19 کے دوران بھی ٹی وی چل رہا تھا لیکن سنیما گھر بند ہوگئے تھے، اس لیے فلم کیلئے صحیح ماحول کی ضرورت ہے، تاہم فہد مصطفیٰ نے کہا کہ وہ رواں سال دسمبر میں جلد فلم کرنے والے ہیں۔ڈرامے میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہمایوں سعید، ماہرہ خان اور فواد خان سمیت دیگر پاکستان کے نامور سٹارز کے ساتھ کام کرنا آسان ہے، لیکن نوجوان اداکاروں کے ساتھ کام کرنا مشکل ہے، نوجوانوں کے کام کی صلاحیت کی بات نہیں کر رہا بلکہ سیٹ پر ان کے ساتھ ملنے کی بات کر رہا ہوں، انھوں نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا زیادہ استعمال نہیں کرتے، میرا واٹس ایپ نمبر بہت جلدی لیک ہو جاتا ہے، اس لیے انسٹاگرام سے زیادہ واٹس ایپ پر بہت زیادہ میسجز آتے ہیں، مجھ سے لوگ ایسے بات کرتے ہیں جیسے میں ان کے گھر کا آدمی ہوں، اس لیے کوئی بھی مجھے کچھ بھی کہہ دیتا ہے، میرا لوگوں سے قریبی تعلق ہے اس لیے لوگ بھی میری بات کا بُرا نہیں مانتے، اور یہ مجھے اچھی بات لگتی ہے۔فہد مصطفیٰ نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ انٹرویو نہیں دینے چاہیے، یوٹیوبرز اور ولاگرز ہمارے انٹرویو سے چھوٹی سی چھوٹی باتوں کی عجیب سی ہیڈلائن بنا کر وائرل کر دیتے ہیں، اس لیے اداکار ڈر گئے ہیں اور اب کچھ کہنا ہی نہیں چاہتے، فہد مصطفیٰ نے واسع چوہدری کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنی سالگرہ کے موقع پر صرف انہی لوگوں کے پیغامات کا جواب دیتا ہوں جو مجھے خود کال یا پرسنل میسج کرتے ہیں، ورنہ مجھے یہ بات بالکل پسند نہیں کہ لوگ انسٹاگرام پر ٹیگ کرکے سالگرہ کی مبارک باد دیں۔فہد مصطفیٰ نے کہا کہ مجھے اس کام کا شوق ہے جو ہر کسی کو نہیں ہوتا، مجھے جتنی کامیابی ملی ہے میں اس کا مستحق تو نہیں ہوں لیکن اللہ جب عزت دی ہے تو میں زیادہ محنت کرتا ہوں۔

Back to top button