کونسے اہم کھلاڑی کرکٹ ورلڈکپ میں دکھائی نہیں دینگے؟

دنیائے کرکٹ کا عالمی میلہ 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہو رہا ہے جس میں تمام کھلاڑی شرکت نہیں کرسکیں گے، کچھ کھلاڑی زخمی ہیں تو کچھ سلیکٹرز کے رحم و کرم پر، تاہم شائقین اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں۔کسی ٹیم کا مرکزی بائولر مسلسل کرکٹ کی وجہ سے زخمی ہے تو کسی ٹیم کے بلے باز کی انجری کی وجہ سے میگا ایونٹ میں شرکت مشکوک ہے، صرف پاکستان ٹیم کے تین کھلاڑی حارث روؤف، نسیم شاہ اور سلمان علی آغا ایشیا کپ کے دوران زخمی ہوگئے تھے جس میں نسیم شاہ کی صورتحال سب سے پریشان کن ہے کیوںکہ وہ فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے۔پاکستان کے علاوہ بھی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی کئی ٹیموں کے اہم کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوالیہ نشان ہے، جس میں سب سے زیادہ متاثر آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں نظر آ رہی ہیں، ان دونوں ٹیموں کی آخری انٹرنیشنل سیریز یا ٹورنامنٹ میں یا تو تجربہ کار کھلاڑی زخمی ہونے کی وجہ سے شامل نہیں تھے، یا پھر میچ کے دوران انجرڈ ہوئے۔رواں ماہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کےدرمیان پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کھیلی گئی جس میں مچل مارش نے آسٹریلیا کی قیادت اس لیے کی کیوں کہ ان کے مستقل کپتان پیٹ کمنز کلائی زخمی ہونے کی وجہ سے دستیاب نہیں تھے۔معاملہ یہیں ختم نہیں ہوتا، فاسٹ بائولر مچل سٹارک بھی گروئن انجری کی وجہ سے اس سیریز میں منتخب ہونے کے باوجود شرکت نہیں کرسکے، بلے باز ٹریوس ہیڈ کا سیریز کے دورانِ ہاتھ فریکچر ہوا، جب کہ شان ایبٹ اور ایشٹن ایگر بھی مختلف انجریز کا شکار ہوئے۔آل راؤنڈر کیمرون گرین بھی سر پر گیند لگنے کی وجہ سے سیریز کے دوران زخمی ہوگئے، جبکہ کپتان مچل مارش کو بھی مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے بالنگ کی اجازت نہیں۔ان سب کے باوجود آسٹریلوی سلیکٹرز پر امید ہیں کہ ان کی بہترین ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔حال ہی میں ختم ہونے والے ایشیا کپ میں سری لنکا کی ٹیم نے فائنل میں تو جگہ بنائی، لیکن اس کامیابی کے پیچھے زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کا ہاتھ تھا جنہیں تجربہ کار کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے بعد موقع ملا، اس وقت سری لنکا کے تین فرنٹ لائن فاسٹ بائولرز دلشن مدھوشنکا ، لہیرو کمارا ، اور دشمانتھا چمیرا کے ساتھ ساتھ لیگ اسپنر ونیندو ہسارانگا مختلف نوعیت کی انجریز کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔ایشیا کپ میں سپر فور مرحلے میں بھارت اور سری لنکا سے شکست کھانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم پیسر نسیم شاہ فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہو کر ورلڈ کپ کے پہلے حصے سے باہر ہوگئے ہیں۔ آل راؤنڈر سلمان علی آغا کے چہرے پر سوئیپ کھیلتے ہوئے گیند لگ گئی تھی جس کی وجہ سے وہ سری لنکا کے خلاف آخری سپر فور میچ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔پاکستان کی طرح جنوبی افریقہ کے فاسٹ بالرز بھی فٹنس مسائل سے دو چار ہیں، آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران انرچ نوکیا کی کمر میں تکلیف ہوئی تھی جب کہ سساندا مگالا گھٹنے میں انجری کا شکار ہوگئے تھے، یہی نہیں، ٹیم کے کپتان ٹینڈا بووما کو بھی سیریز کے چوتھے میچ میں احتیاطا ڈراپ کردیا گیا تھا تاکہ کسی بڑی انجری سے بچ سکیں۔گزشتہ ورلڈ کپ کی رنرز اپ ٹیم نیوزی لینڈ ابھی وائٹ بال کپتان کین ولیمسن کو مکمل ایکشن میں نہیں دیکھ پائی تھی کہ فاسٹ بائولر ٹم ساؤتھی انگوٹھے کی انجری کا شکار ہوگئے، دفاعی چیمپئن انگلینڈ اس بار ورلڈ کپ میں بھرپور تیاری کے ساتھ آرہی ہے لیکن انہیں اوپننگ بلے باز جیسن روئے کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران وہ کمر میں تکلیف کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکے۔حال ہی میں ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے والی بھارتی ٹیم کے فٹنس مسائل تو کم ہوئے ہیں لیکن ختم نہیں، ون ڈے اسکواڈ میں کم بیک کرنے والے شریاس ائیر نے کمر میں تکلیف کی وجہ سے ایشیا کپ میں صرف دومیچز ہی کھیلے تھے، اور اب ان کی فٹنس کا جائزہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران لیا جائے گا جس کے بعد ہی ان کی ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔آخر میں بات بنگلہ دیشی اسکواڈ کی جو اس وقت نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے کی تیاری میں مصروف ہے، لیکن اسے اوپننگ بلے باز نجم الحسین شانتو کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو ہیم اسٹرنگ انجری کی وجہ سے اس سیریز کا حصہ نہیں۔

Back to top button