فیروز خان سے طلاق کے بعد علیزے نے ماڈلنگ شروع کر دی

معروف اداکار فیروز خان سے طلاق حاصل کرنے کے بعد ان کی اہلیہ علیزے سلطان نے ماڈلنگ شروع کر دی ہے، جس کے بعد چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ جلد شوبز انڈسٹری میں بھی قدم رکھ دیں گی۔ علیزے سلطان نے 2018 میں اداکار فیروز خان سے شادی کی تھی اور انکے دو بچے ہیں۔ دونوں کے درمیان 2021 میں اختلافات پیدا ہوئے تھے اور ستمبر 2022 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔ علیزے فاطمہ سلطان کا تعلق شوبز خاندان سے نہیں ہے، تاہم اداکار سے شادی اور طلاق کے بعد وہ شوبز انڈسٹری کا بالواسطہ یا بلاواسطہ حصہ بن چکی ہیں اور اب انہوں نے ماڈلنگ بھی شروع کردی۔ علیزے فاطمہ نے 22 دسمبر کو اپنی ماڈلنگ کے پہلے فوٹوشوٹ کی تصاویر شیئر کیں، جن میں انہیں بلوچی اور سندھی امتزاج کے لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

علیزے فاطمہ نے ’شاپوش‘ نامی کلاتھنگ برانڈ اور آن لائن شاپ کے لیے ماڈلنگ کی۔ علیزے کی جانب سے سندھی اور بلوچی امتزاج کے کڑاہی شدہ لباس کی تشہیر کی اور ان کی ماڈلنگ کی تصاویر اور ویڈیوز کو برانڈ نے بھی اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا۔ ان کی جانب سے ماڈلنگ شروع کیے جانے پر کئی لوگوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ان کے ساتھ ہمدردی بھی کی کہ ان کی شادہ شدہ زندگی اچھی نہیں گزری۔

جہاں لوگوں نے علیزہ سلطان کی تعریفیں کیں، وہیں بعض لوگوں نے انہیں طعنے بھی کیے اور لکھا کہ وہ تاحال سابق شوہر کی جانب سے دیے گئے لباس اور اسٹائلش چیزوں کے ساتھ انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔ان کی جانب سے ماڈلنگ شروع کیے جانے کے بعد کئی لوگوں نے خیال ظاہر کیا کہ اب علیزہ سلطان جلد ہی اداکاری بھی کرتی دکھائی دیں گی۔ تاہم تاحال علیزہ سلطان نے اداکاری میں قدم رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی۔

یاد رہے کہ فیروز خان اور علیزے نے طلاق کے بعد ایک دوسرے پر عدالتوں میں کیس دائر کر رکھے تھے۔ علیزے نے فیروز خان کے خلاف بچوں کا خرچہ حاصل کرنے کے لئے کیس دائر کیا تھا۔ عدالت نے فیروز خان کو دو بچوں کے لیے ماہانہ 80 ہزار روپے خرچہ ادا کرنے کا حکم ہے جبکہ علیزے نے تین لاکھ روپے ماہانہ کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ فیروز خان نے علیزے پر بچوں کی حوالگی کے لئے کیس دائر کر رکھا ہے جس کی سماعت ابھی جاری ہے۔ عدالت نے فیروز خان کو مہینے میں دو مرتبہ بچوں سے ملاقات کی اجازت دے رکھی ہے۔

Back to top button