فیصلے کرنے والوں اورکروانے والوں کو ملک کا سوچنا چاہیے

چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جوبھی فیصلے کررہے ہیں اور کروارہے ہیں ان کو ملک کا سوچنا چاہیے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ ساری دنیا میں اس وقت پاکستان کا مذاق اڑ رہا ہے، شہبازگل پر جنسی تشدد ہوتا ہے میں کہوں کہ لیگل ایکشن لوں گا تو دہشتگردی کا کیس لگ جاتا ہے، مجسٹریٹ نے تشدد ہوتے ہوئے شہبازگل کو واپس پولیس کے پاس بھیج دیا، اس پر اگر میں لیگل ایکشن لینا کا کہتا ہوں تو مجھ پر دہشتگردی کا کیس لگ جاتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا ساری دنیا میں یہ خبر گئی، ایسا لگا کہ پاکستان بنانا ری پبلک ہے، میں چاہتا ہوں کہ جو بھی فیصلے کررہے ہیں اور کروارہے ہیں ان کو ملک کا سوچنا چاہیے، سب سے بڑی جماعت کے سربراہ کو اس کیس میں گرفتار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

عمران خان نے کہا یہ تحریک انصاف کی طاقت سے خوفزدہ ہیں، ہم ضمنی الیکشن جیتے جارہے ہیں، تاریخ میں اتنے بڑے جلسے نہیں ہوئے، خوف کی وجہ سے ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنے اور اپنی ذات کو بچانے کے لیے یہ پاکستان کا مذاق اڑ رہا ہے۔

Back to top button