شہباز گل نے بغاوت کے مقدمہ میں درخواست ضمانت دائر کردی

تحریک انصاف کے رہنما اورسابق وزیراعظم عمران خان کے چیف سکیورٹی آفیسر شہباز گل نے بغاوت کے مقدمہ میں سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے اپنے وکیل فیصل چوہدری اور دیگر پرمشتمل قانونی ٹیم کے توسط سے اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں مجھے بدنیتی کے تحت مقدمے میں پھنسایا گیا لہٰذا درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے شہباز گل کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی اسلام آباد پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا تھا۔

واضح رہے کہ 9 اگست کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل ‘اے آر وائی’ نیوز کو اپنے شو میں سابق وزیرِا عظم عمران خان کے ترجمان شہباز گل کا تبصرہ نشر کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کا بیان ‘مسلح افواج کی صفوں میں بغاوت کے جذبات اکسانے کے مترادف تھا’۔اے آر وائی کے ساتھ گفتگو کے دوران ڈاکٹر شہباز گل نے الزام عائد کیا تھا کہ حکومت، فوج کے نچلے اور درمیانے درجے کے لوگوں کو تحریک انصاف کے خلاف اکسانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا فوج میں ان عہدوں پر تعینات اہلکاروں کے اہل خانہ عمران خان اور ان کی پارٹی کی حمایت کرتے ہیں جس سے حکومت کا غصہ بڑھتا ہے،انہوں نےیہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کا ‘اسٹریٹجک میڈیا سیل’ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور مسلح افواج کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کے لیے غلط معلومات اور جعلی خبریں پھیلا رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماشہباز گل نے کہا تھا کہ جاوید لطیف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر ایاز صادق سمیت دیگر حکومتی رہنماؤں نے ماضی میں فوج پر تنقید کی تھی اور اب وہ حکومتی عہدوں پر ہیں،پیمرا کی جانب سے نوٹس میں کہا گیا کہ اے آر وائی نیوز پر مہمان کا دیا گیا بیان آئین کے آرٹیکل 19 کے ساتھ ساتھ پیمرا قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

Back to top button