فیول ایڈجسٹمنٹ، بجلی 2 روپے 86 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی

حکومت نے مہنگائی کی ستائی عوام پر نیپرا نے بجلی بم گرا دیا ہے، نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 86 پیسے کا اضافہ کردیا۔
نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی نے سی پی پی اے -جی کی درخواست پر بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی، نیپرا کی جانب سے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 86 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، اس کا اطلاق صرف مئی کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سی پی پی اے-جی نےبجلی کی قیمت میں 3 روپے 16 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، جس پر نیپرا نے 27 اپریل 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی، اس سے قبل فروری کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 85 پیسے چارج کیا گیا تھا، جو کہ صرف ایک مہینے کے لئے تھا۔
نیپرا سے جاری بیان کے مطابق قیمت میں اضافے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا جب کہ کے الیکٹرک صارفین پر ان قیمت کا اطلاق نہیں ہوگا، مارچ کا ایف سی اے فروری کی نسبت 1 روپے 99 پیسے مئی میں کم چارج کیا جائے گا۔
