لارادتا کی اندرا گاندھی کے روپ میں اسکرین پر واپسی

بالی وڈ اداکارہ اور سابق مس یونیورس لارا دتہ اکشے کمار کی فلم ‘بیل باٹم ‘ سے بڑی اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہیں جس میں وہ سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کریں گی۔ فلم ‘بیل باٹم’ کا پہلا ٹریلر ریلیز کیا جاچکا ہے اور اس میں اندرا گاندھی کے روپ میں لارا دتہ نے مداحوں کو حیران کردیا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ وہ اندرا کے روپ میں بالکل بھی پہچانی نہیں جارہیں۔ فلم کے ٹریلر میں 1984 میں ایک بھارتی ہوائی جہاز کو ہائی جیک ہوتے دکھایا گیا ہے جس کے تمام مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔
اگلے سین میں تب کی بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی بحران سے نمٹنے کے ممکنہ طریقوں پر اپنے مشیروں سے مشاورت کرتی نظر آتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ رنجیت ایم تیواری کی یہ فلم کچھ سالوں سے تیاری کے مراحل میں تھی اور اس کا ٹریلر حالیہ دنوں ریلیز کیا گیا ہے جس میں لارا دتہ اتنے منفرد انداز میں نظر آئیں۔ دلچسپ بات یہنہے کہ جب صحافیوں نے انہیں ٹریلر میں ڈھونڈنے کی کوشش کی تو وہ الجھن کا شکار ہوگئے۔ بعدازاں صحافیوں کی جانب سے انکے کردار بارے سوال پر لارا دتہ نے بتایا کہ ‘آپ نے مجھے ٹریلر میں دیکھا ہے، میں اندرا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہوں، جی ہاں، یہ میں ہوں’۔
اپنے کردار کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’مجھے فون کال پر بتایا گیا کہ لارا ہم ایک فلم بنانے جا رہے ہیں اور آپ کو اندرا گاندھی کے کردار کے لیے سائن کرنا چاہ رہے ہیں۔ لہازا میں نے اسکرپٹ پڑھے بغیر ہی اس کردار کے لیے حامی بھرلی تھی’۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی بڑی شخصیت کا کردار نبھا رہے ہوتے ہیں تو یہ ایک بڑی ذمہ داری ہوتی ہے۔ لارا دتہ نے بتایا کہ ’اس فلم کے لیے بہت زیادہ ریسرچ اور ہوم ورک کیا گیا، یہ میرے لیے ایک ایسا موقع تھا جو شاید کبھی دوبارہ نہ ملتا’۔ اس فلم می اکشے کمار مرکزی کردار میں ایک خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، وانی کپور اکشے کی اہلیہ کے کردار میں نظر آئیں گی جبکہ اداکارہ ہما قریشی بھی فلم کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب بولی وڈ کی پنگا کوئین کہلانے والی اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ بھارت کی پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی پر ان سے بہتر انداز میں اور کوئی بھی فلم نہیں بنا سکتا اور وہ ایسا کرنے جا رہی ہیں۔ کنگنا رناوٹ نے تمام بولی وڈ فلم سازوں سے خود کو بہتر ہدایت کار قرار دیتے ہوئے اندرا گاندھی کی جانب سے 1975 میں نافذ کی گئی ایمرجنسی پر فلم بنانے کا اعلان بھی کردیا۔ کنگنا رناوٹ بتایا کہ وہ اندرا گاندھی کی جانب سے ملک میں نافذ کی گئی ’ایمرجنسی‘ کے تناظر پر فلم بنائیں گی۔ اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے کافی عرصے تک سوچ بچار کرنے کے بعد اس فلم کی ہدایات دینے کا فیصلہ کیا، کیوں کہ انہیں احساس ہوگیا کہ اس معاملے پر ان سے بہتر انداز میں اور کوئی فلم نہیں بنا سکتا۔ اداکارہ نے بتایا کہ ان کی فلم کی کہانی رتیش شاہ لکھیں گے، تاہم انہوں نے کاسٹ اور دیگر ٹیم کا اعلان نہیں کیا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ کنگنا رناوت خود ہی اندرا گاندھی کا کردار ادا کریں گی۔ کنگنا کا کہنا تھا کہ یہ فلم اندرا کی زندگی پر مبنی نہیں ہوگی لیکن اس میں بھارتی سیاسی تاریخ بشمول آپریشن بلیو اسٹار اور ایمرجنسی جیسے اہم واقعات شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ اندرا گاندھی بھارت کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں۔ انہوں نے اپنے دور وزارت عظمیٰ کے دوران 1975 میں بھارت میں شدت پسندی کے باعث ایمرجنسی نافذ کی تھی جو 1977 تک جاری رہی تھی۔ ان کی جانب سے ’ایمرجنسی‘ نافذ کیے جانے کے معاملے پر پہلے بھی چند بولی وڈ فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔ مذکورہ فلم کے علاوہ جلد ہی کنگنا رناوٹ کی ایک اور فلم ’تھالوی‘ سامنے آئے گی، جس میں وہ بھارتی سیاستدان جے للیتا کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ اندرا گاندھی کی ایمرجنسی پر بنائی جانے والی فلم سے قبل کنگنا رناوٹ نے ’منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ کی ہدایات بھی دی تھیں۔ بطور ہدایت کارہ ان کی ایک ہی فلم ریلیز ہوچکی ہے جب کہ انہوں نے بعض فلموں کو پروڈیوس بھی کیا ہے۔
